قائد انقلاب اسلامی نے اسلامی انقلاب اور مقدس دفاع کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یوم شہید و جانباز کی مناسبت سے آج پچیس ستمبر دو ہزار آٹھ کو ایک پیغام جاری فرمایا ۔ عراق کی جانب سے آٹھ سالہ جنگ کے آغاز کی مناسبت سے ایران میں ہر سال ہفتہ دفاع مقدس منایا جاتا ہے جس کا ایک دن یوم شہید و جانباز کے نام سے موسوم ہے۔
پیغام مندرجہ ذیل ہے؛
بسم اللہ الرحمن الرحیم
شہیدوں کا نام اور ہفتہ دفاع مقدس کے ایک دن کو ان کے نام سے منسوب کرنا ایک اہم پیغام کا حامل ہے۔ یہ علامتی عمل یہ پیغام دیتا ہےکہ کوئی بھی قوم قربانیوں کے بغیر اپنے تشخص، وقار، غیرت و حمیت، اقدار اور عقائد کا دفاع نہیں کر سکتی۔ ہماری دانشمند اور با شعور قوم نے دنیا کو یہ درس دیا اور اسے تاریخ میں ہمیشہ کے لئے رقم کر دیا۔ مظلوم فلسطینیوں کے خالی ہاتھ لڑے جانے والے جہاد سے آج سنگدل، بے رحم اور پوری طرح مسلح صیہونی خوفزدہ اور بے بس ہو گئے ہیں یہ اسی درس ابدی کا تسلسل ہے۔ اسی طرح عراق میں قابض قوتوں کی بے بسی اس ملک میں اسی سبق پر عمل آوری کا نتیجہ ہے۔
شہدا مقدس دفاع کے افق کے درخشاں ستارے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر پاکیزہ دل اور با ضمیر انسان ان کی تکریم و توقیرکو اپنا فریضہ سمجھتا ہے اور پرچم اسلام کی سربلندی کے آرزومند اور قرآنی بشارتوں پر ایمان و ایقان رکھنے والے افراد ان پر درود و سلام بھیجتے ہیں۔
پروردگارا! ان پر اپنی بہترین رحمتیں نازل فرما اور انہیں اپنے برگزیدہ بندوں کے ساتھ محشور فرما
سید علی خامنہ ای