فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ہنیہ کے نام قائد انقلاب کا پیغام
قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نےفلسطین کی قانونی حکومت کے وزیر اعظم اسما‏عیل ہنیہ کے نام اپنے پیغام ميں غزہ کے مظلوم و دلیر جانبازوں کی جاں نثاری و صبر و شجاعت کے مقابلے میں صیہونی حکومت کی مسلح افواج کی شرمناک شکست کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ ہولناک تاریخی جنگی جرائم کے مقابلے میں آپ اور غزہ کے ایک ایک شخص کے ایمان اور با وقار استقامت و پائمردی نے امریکہ اور صیہونی حکومت کے حامیوں اور اسی طرح امت مسلمہ سے غداری کرنے والے منافقوں کو رسوا کر دیا ہے اور امت اسلامیہ کی عزت و سربلندی کا پرچم بلند کرنے کے ساتھ ساتھ انسان دشمن عناصرکو پہلے سے بھی زیادہ ذلیل و رسوا کرے گی۔ رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

برادر مجاہد جناب اسماعیل ہنیہ سلام علیکم بما صبرتم
دنیا اور تاریخ کے سب سے ہولناک جنگی جرا‏ئم کے مقابلے ميں آپ اور جان کی بازی لگا دینے والے مجاہدوں اور غزہ کے ایک ایک فرد کی جانب سے بیس دنوں سے صبر و استقامت کے مظاہرے نے امت اسلامیہ کی عزت و سربلندی کا پرچم بلند کر دیا ہے۔ آپ نے ثابت کردیا ہے کہ خدا و قیامت پر ایمان سے مملو آپ کے دل اور مسلمان کی پاکیزہ و با وقار روح جو کبھی بھی ظلم کے مقابلے میں ذلت قبول نہيں کرتی اور نہ ہی گھٹنے ٹیکتی ہے اس طرح سے قوت و اقتدار کا مظاہرہ کر رہی ہے کہ جابر و سامراجی حکومتيں اور اسلحے سے لیس افواج اس کے مقابلے میں عاجز بے بس اور ذلیل و رسوا ہيں۔ وہ فوج کہ جسے آج آپ کی شہادت پسندی و جاں نثاری نے بیس دنوں سے غزہ کے بیرونی حصے میں دھول چٹادی ہے اور اس کو ذلیل و خوار کر دیا ہے اس نے(انیس سو سڑسٹھ میں ) چھ دنوں کے اندر تین عرب ممالک کے بڑے علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا۔ آپ کو اپنے ایمان و خدا پر توکل اور وعدہ الہی پر اپنے یقین اور اپنے صبر و شجاعت و فداکاری و جاں نثاری پر فخر کرنا چاہئے۔ کیونکہ آج تمام مسلمان آپ کی اس استقامت پر نازاں ہيں۔ آپ کے جہاد نے آج امریکہ و صیہونی حکومت اور ان کے حامیوں اور اقوام متحدہ اور امت اسلامیہ کے منافقین کو ذلیل و رسوا کردیا ہے۔ آج نہ صرف مسلم اقوام بلکہ یورپ اور امریکہ کی اقوام نے بھی آپ کی حقانیت کو پوری طرح تسلیم کرلیا ہے۔ آپ آج اسی دن کامیاب و فاتح ہيں اور اپنی انشاء اللہ اس با وقار استقامت و پائمردی کے ذریعے بے بس و ذلیل اور انسانیت مخالف دشمن کو اس سے بھی زیادہ ذلیل اور شکست سے دوچار گے۔ آپ یہ جان لیجئے کہ ما ودعک ربک وماقلی آپ کے پروردگار نے نہ آپ کو چھوڑا ہے اور نہ آپ سے ناراض ہوا ہے اور یہ جان لیجئے کہ ولسوف یعطیک ربک فترضی اورعنقریب آپ کا پرودگار آپ کو اس قدر عطا کر دے گا کہ آپ خوش ہوجائیں گے انشاء اللہ۔ اس کے باوجود فلسطین کے عام شہریوں کے(قتل عام) کے ہولناک حادثات اور المیئے بالخصوص مظلوم اورمعصوم بچوں کے قتل عام سے ہمارے دل خون ہيں۔ فلسطین کے غاصبوں کے مظالم نے جن کی خبریں ہر روز کئی کئی بار ہمارے ٹیلی ویژن چینلوں سے نشر ہوتی ہيں ہمارے عوام کو سوگوار وغمزدہ کر دیا ہے ۔ اعظم اللہ لکم الجزاء وعجل لکم النصر جان لیجئے کہ وعدہ خدا سچا ہے۔ اس کا فرمان ہے ولینصرن اللہ من ینصرہ انّ اللہ لقوی عزیز اور اللہ اپنے مددگاروں کی یقینا مددکرے گا کہ وہ یقیناصاحب قوت بھی ہے اور صاحب عزت بھی اور اس کا ارشاد ہے و من جاھد فانما یجاھد لنفسھ اور جس نے بھی جہاد کیا اس نے اپنے لئے جہاد کیا۔ عرب غداروں کو بھی یہ جان لینا چاہئے کہ ان کا انجام بھی جنگ خندق کے یہودیوں سے زیادہ بہتر نہيں ہوگا کیونکہ خداوند عالم کا ارشاد ہے وانزل الذین ظاھروھم من اھل الکتاب ومن صیاصیھم اور اس نے کفارکی پشت پناہی کرنے والے اہل کتاب کو ان کے قلعوں سے نیچے گھسیٹ لیاـ قومیں غزہ کے عوام اور جانبازوں کے ساتھ ہيں۔ جو بھی حکومت اس کے برخلاف قدم اٹھائے گی وہ اپنے عوام سے دور ہوتی چلی جائے گی اور اس طرح کی حکومتوں کا انجام واضح ہے۔ وہ بھی اگر اپنی حیات اور آبرو کی فکر میں ہيں تو انھیں امیرالمومنین علی علیہ السلام کے اس فرمان کو یاد کرنا چاہئے جس میں آپ نے فرمایا تھا الموت فی حیاتکم مقھورین والحیاۃ فی موتکم قاہرین آپ کو، غزہ کے جانبازوں اور غزہ کے مظلوم و ثابت قدم باشندوں کو سلام کرتا ہوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کی جانب سے آپ لوگوں کی حمایت میں کی جارہی تمام تر کوششوں کے ساتھ جو وہ اپنا فرض سمجھتی ہے شب و روز آپ لوگوں کے لئے دعاگو ہوں اور خداوند عزیز قدیر سے آپ کے لئے صبر و نصرت کا طالب ہوں والسلام علیکم وعلی عباداللہ الصالحین ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔

سید علی خامنہ ای