قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایرانی ساخت کے سیٹیلائیٹ امید کو کامیابی سے خلا میں بھیجے جانے پر فرمایا ہے کہ یہ کامیابی ان امیدوں کی حقانیت کا ثبوت ہے جو عظیم اسلامی انقلاب نے دلوں میں پیدا کی ہیں۔ خلائی شعبے میں اس گراں قدر کامیابی کے سلسلے میں صدر مملکت ڈاکٹر احمدی نژاد نے قائد انقلاب اسلامی کو ایک خط ارسال کیا تھا جس پر قائد انقلاب اسلامی نے جوابی پیغام جاری فرمایا۔

صدر مملکت کے خط کا متن مندرجہ ذیل ہے:

بسم الله الرحمن الرحیم
قائد انقلاب اسلامی حضرت آیت الله خامنه ای (مد ظلکم ‌العالی)
سلام علیکم

جشن انقلاب کی دس روزہ تقریبات اور اسلامی انقلاب کے چوتھے عشرے میں داخل ہونے کے ساتھ ہی جو سائنسی ترقی اور پیشرفت کا عشرہ ہے، انتہائی فخر کے ساتھ یہ عرض کرنا چاہتا ہوں کہ خلائی شعبے میں آپ کے فرزندوں نے دن رات ایک کرکے اپنی کاوشوں سے سیٹیلائٹ، لانچنگ پیڈ، راکٹ اور متعلقہ کنٹرول اسٹیشن تیار کرنے میں کامیابی حاصل کی اور حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی شب ولادت کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کا پہلا سیٹیلائٹ زمین کے مدار میں بھیجدیا گیا اور یکتا پرستی انصاف اور امن و دوستی کا پیغام پوری دنیا میں جاری کردیا گیا۔ بلا شبہ ملت ایران کا یہ اقدام عالمی سطح پر عظیم اور بڑی کامیابی، ترقی اور پیشرفت کا موجب قرار پائے گا اور ہمارے نوجوانوں کی خود اعتمادی ان کی خداداد صلاحیتوں کے بارآور ہونے اور دنیا کی سبھی حریت پسند اقوام کے حوصلے بلند ہونے کا باعث بنے گا ۔ چنانچہ میں اس موقع پر اس عظیم کامیابی پر حضرت ولی عصر (عج) جناب عالی اور ایران کی عظیم قوم کی خدمت میں مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ہی اس میدان (خلائی شعبہ) میں کام کرنے والے سبھی افراد کی جانب سے آپ کے تعاون اور رہنما فرامین اور امید افزا ارشادات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور اس کی قدردانی کرتاہوں۔ مجھے امید ہے کہ ہمارے مومن اور مخلص جوان بدستور آپ کی راہنمائیوں اور عنایات سے بہرہ مند ہوتے رہیں گے۔ خداوند متعال سے آپ کی صحت اور وقار و سربلندی اور ملت ایران کی روز افزوں ترقی کی دعا کرتا ہوں۔

محمود احمدی نژاد

قائد انقلاب اسلامی کا جوابی پیغام:

بسمه تعالي
صدر محترم اسلامی جمهوریہ ايران
جناب ڈاکٹر محمود احمدی نژاد؛

ان قابل قدر سائنسدانوں اور عہدہ داروں کی کوششوں اور محنتوں کی تہہ دل سے قدر دانی کرتا ہوں جن کی بلند ہمتی اور سعی پیہم کے نتیجے میں یہ شایان شان عمل انجام پایا۔ یہ کامیابی ان امیدوں کی حقانیت کا ثبوت ہے جو عظیم اسلامی انقلاب نے دلوں میں پیدا کی ہیں۔ اللہ تعالی آپ سب کی نصرت و حفاظت کرے۔

والسّلام عليكم
سيّدعلي خامنه اي
15 بهمن ماه 1387
تین فروری 2009