قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ ا لعظمی سید علی خامنہ ای نے بر صغیر ہند میں ایرانی طلبہ کی اسلامی انجمنوں کی یونین کی سرگرمیوں کو چوتھائی صدی کا عرصہ گزر جانے اور یونین کے تیرہ اور چودہ فروری کے انتخابات کی مناسبت سے ایک پیغام صادر فرمایا۔
قائد انقلاب اسلامی کا یہ پیغام ایشیا پیسیفک ممالک میں زیر تعلیم ایرانی طلبہ کی تقریب میں قائد انقلاب اسلامی کے نمایندے حجت الاسلام محمد علی نظام زادہ نے پڑھا۔
پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے؛

بسم الله الرحمن الرحيم

عزیز طالب علمو!
جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے، اپنی تعلیم یافتہ اور قابل افتخار نوجوان نسل سے ملت ایران کی توقعات بڑھتی جا رہی ہیں۔ اس قوم کے نوجوانوں نے ہر شعبے میں اپنی برتر صلاحیتوں کو ثابت کیا ہے۔ آزاد و سربلند ایران کے دشمنوں کی گزشتہ پالیسیاں ملک کے اسی بازو کو شل کر دینے پر مرکوز رہی ہیں اور اس کے لئے مایوسی پھیلانے کی سازش اور بے راہروی کی ترویج جیسے مختلف حربے استعمال کئے گئے۔ یہ سازش اسلامی انقلاب کے بعد بھی جاری رہی اور اس کے لئے جدید مواصلاتی وسائل کا استعمال بھی کیا گیا لیکن انقلابی نوجوانوں کی بلند ہمتی اور فرض شناسی کی وجہ سے ایران کے دشمن اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکے۔ ملک کی سائنسی، سماجی اور سیاسی ترقی اور نوجوان نسل میں نمایاں بلند ہمتی اور جوش و جذبے سے تابناک افق کی نوید ملتی ہے جو ملت ایران کے شایان شان ہے۔
عزیزو! خدائے حکیم و علیم پر توکل اور ہم سب بالخصوص نوجوان نسل پر عائد ہونے والی ذمہ داریوں کے صحیح ادراک کے ساتھ مستقبل کی راہ ہموار کیجئے۔ تحصیل علم، تحقیق اور نئی ایجادات کو اپنا فریضہ تصور کیجئے۔ آپ تعلیمی موضوع کے انتخاب اور اپنے دیگر پروگراموں میں ملک کی موجودہ اور آئندہ ضرورتوں کو مد نظر رکھئے۔ مستقبل آپ کا ہے۔ اسے سنوارنے کے لئے اللہ تعالی سے نصرت و مدد کی دعا کیجئے اور اپنی توانائیوں کو بروئے کار لائیے۔

سيدعلي خامنه اي
26/ بهمن/1387
14 فروری 2009