قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج قوم کے نام اپنے اہم ترین پیغام میں بارہ جون کے اہم ترین موقع پر عظیم و با ہنر ایرانی قوم کے پر وقار، مستحکم، سکون بخش اور تاریخ ساز تعاون اور شراکت کو خدائے حکیم کے لطف و کرم کا آئینہ اور بے مثال و مبہوت کن کارنامہ قرار دیا اور پر جوش انتخابات میں ملت ایران کے سیاسی شعور، انقلابی عزم اور شہری صلاحیتوں کے مظاہرے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: انتخابات میں اسی فیصد سے زائد رائے دہندگان کی شرکت اور منتخب صدر کو دو کروڑ چالیس لاکھ ووٹ ملنا ایک حقیقی جشن سے عبارت ہے کہ دشمن بدخواہوں کو اکسا کر جس کی جاذبیت اور شیرینی سے ملت ایران کو محروم کر دینا چاہتے ہیں بنابریں عوام بالخصوص نوجوان طبقہ پوری طرح ہوشیار رہے۔ منتخب امیدوار اور دیگر محترم امیدواروں کے حامی اشتعال انگیز اور ایک دوسرے کے سلسلے میں بد گمانی پر مبنی باتوں اور عمل سے پرہیز کریں۔
پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے:

بسم الله الرحمن الرحيم

عزیز ملت ایران!
زمانے کی شناخت رکھنے والے آگاہ و شجاع مرد و زن!
اللہ تعالی کا سلام ہو آپ سب پر کہ آپ نے سلام و رحمت الہی سے نوازے جانے کا اپنا استحقاق ثابت کر دیا۔ آپ کا تاریح ساز جمعہ(صدارتی انتخابات کا دن) آنکھوں کو خیرہ کر دینے والا اور بے مثال واقعے (کا دن) تھا۔ اس دن ملت ایران کی شہری صلاحیت و توانائی، پختہ ارادوں والی انقلابی تصویر اور سیاسی شعور بڑے پر شکوہ اور پر کشش انداز میں دنیا والوں کی نظروں کے سامنے رونما ہوا۔ آپ نے اپنے پر وقار اور پر سکون انداز سے ملک کی تاریخ میں عزت و قوت کا جو باب رقم کیا اور دشمن کی آگ برسانے والی نفسیاتی جنگ کا سامنا کرتے ہوئے اس فیصلہ کن میدان میں حاضر ہوکر جس قوت ارادی کا مظاہرہ کیا اس کی اہمیت اتنی زیادہ ہے کہ اسے عام جملوں اور بیانوں میں منعکس نہیں کیا جا سکتا۔ بس اتنا کہا جا سکتا ہے کہ ملت ایران اپنے اندر الہی رحمتوں کے حصول کے اسباب و (استحقاق) کو باقی رکھنے اور ملک کی ترقی و سربلندی کے لئے تائید الہی اور دست خدا کو اپنے سروں پر برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔
بائیس خرداد (بارہ جون) کے انتخابات میں ملت ایران نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے قومی انتخابات کے طولانی سلسلے میں ایک نیا نصاب (ٹرن آؤٹ) پیش کیا ہے۔ اسی فیصد سے زائد رائے دہندگان کی انتخابات میں شرکت اور منتخب صدر کو دو کروڑ چالیس لاکھ ووٹ ملنا، ایک حقیقی جشن سے عبارت ہے جو اللہ تعالی کی مدد و نصرت سے ملک کی ترقی و سربلندی، قومی سلامتی، اور پائيدار جوش و خروش کا ضامن بنے گا۔ کل آپ یہ ثابت کرنے میں کامیاب ہوئے کہ سیاسی اور نفسیاتی حملوں کے مقابلے میں ایران اسلامی انقلاب کی اقدار اور نعروں کی بدولت اتنا مضبوط اور مستحکم ہے کہ اس ملک میں اسلامی جمہوریت کو تیس سال کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی (قوم) ہمیشہ سے زیادہ تازہ دم ہوکر اور پر جوش انداز میں میدان عمل میں موجود ہے اور دشمنوں اور دوستوں سب کو نمایاں اور واضح راستے پر اپنے سفر کے تسلسل کا یقین دلا رہی ہے۔
میں عزیز عوام کے ایمان و عزم کی تعظیم کرتے ہوئے اس عظیم کامیابی پر حضرت ولی عصر ارواحنا فداہ اور عظیم امام (خمینی رہ) نیز قوم کی ایک اک فرد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور سب کو اس لطف الہی کی قدردانی اور خدائے علیم و حکیم کا شکر بجا لانے کی سفارش کرتا ہوں۔ یہ احتمال ہے کہ دشمن اپنے معاندانہ اشتعال انگیز اقدامات کے ذریعے اس واقعے کی مٹھاس سے ملت ایران کو محروم کر دینے کی کوشش کریں۔ تمام عوام بالخصوص نوجوانوں سے جو اس پر جوش واقعے کے سب سے زیادہ تازہ دم معمار ثابت ہوئے سفارش کروں گا کہ پوری طرح آگاہ رہیں۔ ہمیشہ انتخابات کے بعد آنے والا دن اخوت و عطوفت کا دن ہو۔ منتخب ہونے والے امیدوار کے حامی ہوں یا دیگر محترم امیدواروں کے طرفدار ہر طرح کے اشتعال انگیز اور بد گمانی پر مبنی اقدام سے پرہیز کریں۔ منتخب و محترم صدر، پوری ایرانی قوم کا صدر ہے، سب کے سب منجملہ کل تک کے اس کے حریف بھی متحد ہوکر اس کی حمایت و مدد کریں۔ بلا شبہ یہ بھی ایک امتحان الہی ہے جس میں کامیابی اللہ تعالی کی رحمت و عنایت کا موجب قرار پائے گی۔
میں اپنا فریضہ سمجھتا ہوں کہ اس عظیم واقعے میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کا تہ دل سے شکریہ ادا کروں، محترم امیدواروں کا جنہوں نے اپنے اپنے سماجی، سیاسی، اور اقتصادی نظریات پیش کرکے مختلف سیاسی و سماجی طر‌ز فکر کے حامل افراد کو میدان عمل میں وارد کیا، ان دانشوروں اور چنندہ شخصیات کا جنہوں نے اپنے مخاطب افراد کو اس عظیم امتحان میں شمولیت کی دعوت دی، علمائے کرام، ثقافتی و سیاسی ش‍خصیات اور یونیورسٹی سے وابستہ افراد کا، قومی میڈیا اور ریڈیو و ٹی وی کے ادارے کے ڈائریکٹروں، فنکاروں اور پروگراموں کے میزبانوں کا جن کی قابل تعریف جدت عمل نے اس عظیم واقعے میں نا قابل فراموش کردار ادا کیا، وزارت داخلہ اور محترم نگراں کونسل کا جس نے پورے اخلاص اور ایمانداری سے اپنے اہم ترین فریضے پر پوری صداقت اور تندہی سے عمل کیا، شعبہ پولیس اور سکیورٹی کے دیگر اداروں کا جنہوں نے عوام کے لئے پرامن، صحت مند اور کھلی ہوئی فضا قائم کی اور سب سے بڑھ کر ایک اک ووٹر کا جس نے اپنے لئے اور اپنے ملک کے لئے عزت و ثبات و سلامتی کی راہ ہموار کی۔
ایک بار پھر پوری خاکساری اور مسرت کے ساتھ خدائے عزیز و قدیر کا اپنے وجود کی گہرائیوں سے شکر ادا کرتا ہوں اور اس قوم اور اس ناتواں بندے کے لئے اللہ تعالی کی ہدایت و رحمت کی دعا کرتا ہوں۔ حضرت ولی عصر ارواحنا فداہ پر درود و سلام بھیجتے ہوئے ان کی دعا و نگرانی و تائيد سے امید وابستہ کرتا ہوں جو اس ملک کے حقیقی مالک ہیں۔ میں امام (خمینی رہ) اور شہدا کی پاک و پاکیزہ ارواح پر درود بھیجتا ہوں۔

والسلام عليكم و رحمةالله
سيّدعلی خامنه‌ای
23/خرداد/1388
13 جون 2009