قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اپنے ایک حکمنامے میں شیخ صادق آملی لاری جانی کو عدلیہ کا سربراہ منصوب کیا۔
قائد انقلاب اسلامی کے حکمنامے کا متن مندرجہ ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم
 

گرانقدر محقق حجت الاسلام و المسلمین جناب الحاج شیخ صادق آملی لاری جانی دامت توفیقاتہ
اب جبکہ عدلیہ میں آیت اللہ ہاشمی شاہرودی کی فرائض کی انجام دہی کی توسیع شدہ مدت بھی پوری ہو چکی ہے، آنجناب کی یادگار و باارزش سعی و کوشش اور خدمتوں کی قدردانی کے ساتھ آپ کو جو قم کے دینی علمی مرکز کی نمایاں شخصیتوں میں سے ایک اور جدت و ابتکار عمل کی صلاحیتوں سے سرشار شخصیت ہیں آئین کی دفعہ ایک سو ستاون کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کا سربراہ منصوب کرتا ہوں۔
عدلیہ کے نئے نظام کے آغاز کو تین عشرے کا وقت گزر جانے، گرانبہا تجربات کے حصول، آزمائشوں سے گزرنے اور ناگزیر غلطیوں کے بعد اب اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ سے قیام عدل و انصاف کے سلسلے میں سرعت عمل، مہارت اور امور کی درستگی کی توقع ایک بجا توقع ہے جس پر پورا اترنے کے لئے اس عظیم محکمے اور ذیلی اداروں کے حکام کو چاہئے کہ کوئی دقیقہ فروگزار نہ کریں۔
اینجانب کو پوری امید ہے کہ بہت سی ضروری بنیادوں کی تعمیر مکمل ہو جانے کے پیش نظر اور آپ کی علمی و عملی صلاحیتوں کی بنا پر آپ کی سربراہی کا دور عدلیہ کی شگوفائی کا دور ہوگا۔
جناب عالی اور آپ کے رفقائے کار اور محترم جج صاحبان کے لئے توفیق الہی کی دعا کرتا ہوں۔

سيّدعلي‌خامنه‌اي
23/مرداد/1388
15 اگست 2009