امام خمینی (رضوان اللہ تعالی علیہ) امدادی کمیٹی کے منشور میں کی جانے والی تبدیلی کے پیش نظر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایک فرمان جاری کرکے ادارے کے سابق عہدیداروں کی مخلصانہ خدمات کی قدردانی کی اور نئے بورڈ آف ٹرسٹیز کے سربراہ اور ارکان کو منصوب فرمایا۔ اپنے فرمان میں قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اس الوہی ادارے کے نورانی اہداف کی تکمیل یعنی محرومین کو تقویت پہنچانے اور انہیں خود کفیل بنانے کی سمت میں اساسی اور تکمیلی اقدامات انجام دئے جائیں۔
قائد انقلاب اسلامی کے فرمان کا متن حسب ذیل ہے؛
بسم ‌الله ‌الرحمن ‌الرحیم

امام خمینی امدادی کمیٹی کے منشور میں ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر آنجنابان حجت الاسلام الحاج شیخ محسن کازرونی، انجینیئر پرویز فتاح، حسین انواری، حمید رضا ترقی، سید مترضی بختیاری، انجینیئر سید منصور برقعی اور محترمہ ڈاکٹر مرضیہ وحید دستجردی کو بورڈ آف ٹرسٹیز کا رکن اور جناب انجینیئر پرویز فتاح کو امام خمینی (رضوان اللہ تعالی علیہ) امدادی کمیٹی کا سربراہ منصوب کرتا ہوں۔
مجھے پوری امید ہے کہ مذکورہ بالا ٹیم اور اس انقلابی ادارے کے محترم سربراہ اللہ تعالی سے طلب عون اور اب تک کے تجربات سے اس الوہی ادارے کے نورانی اہداف یعنی ضرورت مندوں اور محرومین کو سماجی، ثقافتی اور معیشتی خدمات اور حمایتی اقدامات کے ذریعے تقویت پہنچانے، صلاحیتوں کو پروان چڑھانے، انہیں خود کفیل بنانے اور ان کے ایمانی و دینی نمو کے لئے بنیادی اور تکمیلی قدم اٹھائیں گے۔
بے شک امام خمینی (رضوان اللہ تعالی علیہ) امدادی کمیٹی کے سابق عہدیداران اور ان میں سر فہرست جناب عسگر اولادی رحمۃ اللہ علیہ نے اور حالیہ برسوں کے دوران مرکزی کونسل کے ارکان اور جناب انواری نے غربت اور محرومیت سے کامیابی کے ساتھ لڑنے والے اس موثر ادارے کی تشکیل کے لئے گراں قدر زحمتیں اٹھائيں۔ ان سب کی مخلصانہ خدمات کی قدردانی کرتے ہوئے ان کے لئے اجر و جزائے الہی کی دعا کرتا ہوں۔ اگرچہ امام خمینی (رضوان اللہ تعالی علیہ) امدادی کمیٹی بنیادی طور پر ملک کے عزیز عوام کی طرف سے ملنے والی مدد پر تکیہ کرتی ہے، تاہم حکومت، پارلیمنٹ اور عدلیہ کی جانب سے اس انقلابی ادارے کی مقدس مہم کی انجام دہی میں پشت پناہی ناقابل انکار حقیقت ہے۔ اللہ تعالی کی بارگاہ میں تمام حضرات کی کامیابی کے لئے دعا گو ہوں۔

سید علی خامنه‌ای
۱۶ فروردین ۱۳۹۴ (ہجری شمسی مطابق 5 اپریل 2015)