رہبر انقلاب اسلامی کا یہ پیغام جمعے کو اٹلی کے شہر میلان میں یونین کے پچاسویں سالانہ اجلاس میں پڑھا گیا۔ پیغام یورپ میں ایرانی طلبہ کے امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے حجت الاسلام و المسلمین جواد اژہ ای نے پڑھا۔
پیغام حسب ذیل ہے؛
بسم الله الرحمن الرحیم

عزیز نوجوانو!
آج آپ کی یونین کے پچاس سال پورے ہو چکے ہیں۔ یہ وہ مبارک تنظیم ہے جو اسلامی ہدایت اور ایمانی رغبت و شادابی کو طلبہ اور نوجوانوں کے خصائل سے جوڑتی ہے اور اس امتزاج کے نتیجے میں پرہیزگار اور صاحب بصیرت عالم و دانشور انسان نکلتے ہیں۔
اپنی اس یونین کو ان اعلی اور سعادت بخش مقاصد سے ہم آہنگ اور ہم قدم بنانے کی کوشش کیجئے۔
آپ کے ملک اور قوم کو اپنا طولانی سفر طے کرنے کے لئے ایسے ہی انسانوں کی ضرورت ہے۔ آپ کا اور ساری دنیا میں ایرانی نوجوانوں کا عزم راسخ اور بلا وقفہ کوششیں واحد راستہ ہیں دشمن کی سازشوں کو نقش بر آب کرنے کا جو سربلند اسلامی مملکت ایران کے خلاف گوناگوں وسائل کی مدد سے ہر طرح کی سازشیں رچ رہا ہے۔ جذبہ امید سے معمور اپنے دلوں ارو مادی و روحانی قوتوں سے آراستہ اپنی استعداد کو آمادہ اور تازہ رکھئے اور خدائے علیم و حکیم پر توکل کرتے ہوئے آگے بڑھئے۔ اللہ آپ کا یاور و مددگار ہے۔

سیّد علی خامنه‌ای
۲۸ دی ۹۴ (ہجری شمسی مطابق 22 جنوری 2016)