فکر و نظر

دور ہارونی کے سخت گھٹن کے ماحول میں، جس کے بارے میں لوگ کہتے تھے کہ "و سیف ھارون تقطر دما" ہارون کی تلوار سے ہمیشہ خون ٹپکتا رہتا تھا۔ نوجوانی کے عالم میں امام علی رضا علیہ السلام ان حالات میں شیعہ اماموں کے جہاد کو آگے بڑھانے اور اپنے دوش پر عائد عظیم ذمہ داریوں کو ادا کرنے کے سلسلے میں کیا کر سکیں گے؟ یہ حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کے دور امامت کی شروعات کی بات ہے۔ انیس یا بیس سال کے بعد جب حضرت کی امامت کا دور مکمل ہوا اور حضرت علی ابن موسی الرضا کو شہید کر دیا گیا، اگر آپ اس وقت کے حالات دیکھئے تو محسوس کریں گے کہ ولایت اہل بیت علیہم السلام اور خاندان رسول سے عقیدت کا سلسلہ عالم اسلام میں ایسی گیرائی و گہرائی پیدا کر چکا ہے کہ ظالم و مستبد عباسی سلطنت اس پر قابو پانے سے قاصر ہے۔ یہ کارنامہ حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام نے انجام دیا۔

17 ستمبر 2013