شب قدر وہ موقع ہے جس میں ہم اپنے دلوں کو امیر المومنین علیہ السلام کی عظیم منزلت سے آشنا کریں اور درس لیں۔ ماہ رمضان کی فضیلت اور اس مہینے میں نیک بندوں کی ذمہ داریوں کے بارے میں جو کچھ زبان پر آتا ہے اور بیان کیا جا سکتا ہے امیر المومنین علیہ السلام اس کا مکمل عملی نمونہ اور ان خصوصیات کی نمایاں مثال ہیں۔
امام خامنہ ای
آج کی رات کی، جو شب قدر ہے، اہمیت سمجھیے۔ مسلمانوں کی عمومی مشکلات، ملک کے مسائل، اپنے ذاتی مسائل اور دوستوں اور بھائيوں کی مشکلات کو اپنے خدا کے سامنے پیش کیجیے۔ حضرت ولی عصر ارواحنا فداہ سے دلی رابطہ کیجیے، خدا کے گھر – مسجد – میں جائيے اور امام زمانہ کی برکت سے خداوند متعال سے اپنی دعاؤں کی قبولیت حاصل کیجیے۔ حقیر بھی آپ سب سے ملتمس دعا ہے۔
امام خامنہ ای
30/03/1992
شب قدر وہ رات ہے کہ خداوند عالم نے اسے سلام کا نام دیا ہے۔ سلام، انسانوں پر خدا کے درود و تحیت کے معنی میں بھی ہے اور لوگوں کے درمیان، دلوں کے لیے، جانوں کے لیے، جسموں کے لیے، اجتماعات کے لیے سلامتی، امن اور اطمینان کے معنی میں بھی ہے۔ معنوی لحاظ سے یہ ایسی رات ہے! شبہائے قدر کی اہمیت کو سمجھیے اور ملکی مسائل، اپنے مسائل، مسلمانوں کے مسائل اور اسلامی ملکوں کے مسائل کے لیے دعا کیجیے۔
امام خامنہ ای
شب قدر کا سب سے اچھا عمل، دعا ہے، شب بیداری بھی دعا، ذکر خدا اور توسل کے لیے ہے۔ دعا کا مطلب ہے، اللہ تعالی سے بات کرنا۔ درحقیقت خدا کو اپنے قریب محسوس کرنا اور اپنے دل کی بات اس سے کہنا۔ دعا یا تو درخواست ہے، یا حمد و تمجید ہے یا پھر محبت و عقیدت کا اظہار ہے۔ یہ سب دعا ہے۔
امام خامنہ ای
2005-10-21
رمضان کے مہینے میں اپنے دلوں کو ذکر الہی سے زیادہ سے زیادہ منور کیجیے تاکہ لیلۃ القدر کی مقدس بارگاہ میں پہنچنے کے لیے تیار ہو سکیں۔ کیونکہ "لیلۃ القدر خیر من الف شھر. تنزل الملائکۃ و الروح فیھا باذن ربھم من کل امر." یہ وہ رات ہے جس میں فرشتے، زمین کو آسمان سے متصل کر دیتے ہیں، دلوں پر نور کی بارش کر دیتے ہیں اور زندگي کی فضا کو اللہ کے فضل و کرم سے منور کر دیتے ہیں۔
امام خامنہ ای
ان راتوں میں سحر کے وقت کی جو دعائیں ہیں، راتوں کی دعائيں ہیں، شبہائے قدر کی مخصوص دعائیں ہیں یا ان راتوں سے مخصوص نہیں بھی ہیں بلکہ ساری راتوں کی دعائيں ہیں، یہ سب بڑی قیمتی ہیں۔
ان دعاؤں میں معرفت کا جو خزانہ ہے، اس کے علاوہ ان دعاؤں کو پڑھتے ہوئے انسان میں خضوع و خشوع کا جو احساس پیدا ہوتا ہے، وہ بہت گرانقدر ہے۔
امام خامنہ ای،
۲۵ جون ۲۰۱۶
شب قدر، دعا و مناجات اور ذکر پروردگار میں ڈوب جانے کی شب ہے۔ پورا ماہ رمضان المبارک بالخصوص شبہائے قدر، ذکر پروردگار اور خضوع و خشوع کی بہار ہے۔ اسی طرح یہ بہترین موقع ہے اپنے ذہن و دل کو امیر المومنین، سید المتقین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے ملکوتی مقام و منزلت سے آشنا کرنے اور درس لینے کا۔