سیکورٹی کسی بھی معاشرے کی سب سے اہم ضرورت ہوتی ہے۔ سیکورٹی کی مختلف قسموں کے درمیان، نفسیاتی سیکورٹی معاشرے کی پیشرفت میں اہم کردار کی حامل ہے۔ "معاشرے کی نفسیاتی سیکورٹی یعنی لوگوں کو مضطرب نہ کرنا، لوگوں کو خوف اور کشمکش میں مبتلا نہ کرنا۔" (2024/10/27) قرآن مجید کی ایک اہم آيت جو واضح طور پر اس سلسلے میں بات کرتی ہے، سورۂ احزاب کی ساٹھویں آيت ہے۔ خداوند عالم اس آيت میں منافقین، بیمار دل والے اور افواہیں پھیلانے والے جیسے تین گروہوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہتا ہے: "اگر منافقین اور وہ لوگ جن کے دلوں میں بیماری ہے اور مدینے میں افواہیں پھیلانے والے (اپنی حرکتوں سے) باز نہ آئے تو ہم آپ کو ان کے خلاف حرکت میں لے آئیں گے پھر وہ (مدینے) میں آپ کے پڑوس میں قلیل مدت کے علاوہ نہیں رہ سکیں گے۔" ان تین گروہوں کے درمیان، مرجفون (افواہیں پھیلانے والوں) کا گروہ، بہت زیادہ شناسا نہیں ہے اور اس کے بارے میں کم ہی بات کی گئی ہے۔ چونکہ اس گروہ کی شناخت، معاشرے کی نفسیاتی سلامتی سے براہ راست جڑی ہوئي، اسی لیے اس تحریر میں اس تناظر میں اس آيت کے اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔