رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے 8 جنوری 2021 کو ٹی وی پر اپنے ایک خطاب میں جوائنٹ کامپریہینسیو پلان آف ایکشن 'جے سی پی او اے' کے سلسلے میں ایران کے طریقہ کار اور اس سلسلے میں امریکہ کے فرائض کے سلسلے میں کہا کہ "ہمیں ایٹمی معاہدے میں امریکہ کی واپسی پر کوئي اصرار نہيں ہے، بنیادی طور پر ہمارا یہ مسئلہ ہی نہيں ہے کہ امریکہ جے سی پی او اے میں واپس لوٹے یا نہ لوٹے۔
حالانکہ امریکی حکومت نے ایٹمی ڈیل کے تحت اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا اور اس معاہدے سے نکل گئی تاہم ملت ایران کی بجا اور منطقی توقع یہ تھی کہ یورپی حکومتیں ایٹمی ڈیل کے تحت اپنے وعدوں پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ اس معاہدے سے امریکہ کے یکطرفہ باہر نکل جانے سے ہونے والے نقصان کی بھی بھرپائی کرتیں۔ مگر خاصا وقت گزر جانے کے بعد بھی ایسا نہیں ہوا۔