رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں فرمایا کہ معاشرے میں دینی اساتذہ اور معلمین کی تربیت کے لئے پالیسی سازی کرنا دینی مدارس کی سپریم کونسل کی بہت اہم ذمہ داری ہے۔ آپ نے اس کونسل اور دینی مدارس کے انتظامی بورڈ کے ذمہ داران کی کاوشوں کی قدردانی کرتے ہوئے فرمایا کہ سپریم کونسل اور انتظامی بورڈ کے فرائض کا فرق یعنی پالیسی سازی اور اجرا کا فرق واضح رہنا چاہئے تاکہ بہتر سے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں۔

رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب کا ہدف اور اس تحریک کو کامیاب بنانے کے لئے امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی قربانیوں اور جانفشانی کا مقصد اسلامی حکمرانی و شریعت کا نفاذ تھا۔ آپ نے فرمایا کہ انقلاب کے موثر پہلوؤں کی نشاندہی اور اس کی کلیدی بنیادوں پر ضرب لگانے کا منصوبہ رکھتا ہے اور دشمن کا ایک نشانہ دینی مدارس ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے زور دیکر کہا کہ نوجوان طلبہ کے اندر پنہاں صلاحیتوں کی شناخت ضروری ہے۔ آپ نے فرمایا کہ ملک کے مختلف شعبوں اور حصوں میں بعض اوقات بہت بڑے کارنامے اور حیرت انگیز اقدامات نوجوانوں کے ذریعے انجام پاتے ہیں، چنانچہ دینی مدارس میں طلبہ کے درمیان بھی یقینی ایسی صلاحیتیں موجود ہیں جن کی شناخت کرکے انھیں فکری حلقوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے اور انھیں ذمہ داریاں سونپی جا سکتی ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ملک کے مختلف شہروں میں ماضی میں بڑے اور سرکردہ علمائے کرام کی خدمات کی مثالیں پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ مختلف شہروں کی جانب طلبہ کی ہجرت اور وہاں دینی و تربیتی امور کو رونق بخشنا بہت اچھی روایت ہے اس کے لئے ایسی منصوبہ بندی کی جانی چاہئے کہ مختلف شہروں میں علمائے دین موجود رہیں۔

اس ملاقات میں دینی مدارس کی سپریم کونسل کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین حسینی بو شہری اور دینی مدارس کے مدیر اعلی حجت الاسلام و المسلمین اعرافی نے سپریم کونسل اور دینی مدارس کے انتظامی بورڈ کی سرگرمیوں کی ایک رپورٹ پیش کی۔