قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مغربی صوبے کرمان شاہ کے دورے کے دوسرے دن شہدا کے اہل خانہ، مقدس دفاع کے جوانوں اور زخمی ہوکر جسمانی طور پر معذور ہو جانے والے جانبازوں سے ملاقت کی۔
قائد انقلاب اسلامی نے اس موقعے پر اپنے خطاب میں فرمایا کہ ایثار کا جذبہ کسی بھی قوم اور ملک کے لئے نجات کا باعث ہوتا ہے اور کوئی بھی معاشرہ جذبہ ایثار کے بغیر عزت و عظمت حاصل نہیں کر سکتا۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران کا نظام اسلامی جمہوری یعنی اسلامی عوامی نظام ہے جس کا تقاضا یہ ہے کہ تمام شعبوں میں عوام کا حقیقی کردار ہو اور عوام کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ قائد انقلاب اسلامی نے حالات اور تغیرات کی پیچیدگي کا حوالہ دیتے ہوئے بروقت احساس ذمہ داری اور دانشمندانہ اقدام کو ضروری قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ لطف خدا سے آج ایران کے باایمان، دیندار اور فرض شناس عوام کی ہوشیاری اور امنگوں کی پابندی بہت زیادہ ہے۔