بسم اللہ الرحمن الرحیم، لاحول و لاقوۃ الّا باللہ العلی العظیم

ایران کے عزیز عوام!

آپ نے کل 22 بہمن (11 فروری 2026) کو ایک عظیم کارنامہ سر انجام دیا۔ آپ نے ایران کو سربلند کر دیا، ہمیشہ کی طرح اسلامی جمہوریہ کی پشت پناہی کی اور اس کی طاقت میں اضافہ کیا۔ وہ دشمن جو اپنے بیانوں میں اور اپنی منصوبہ بندیوں میں، ایرانی قوم سے گھٹنے ٹکوانے کے خواہاں ہیں، مایوس ہو گئے۔ آپ نے کل یہ عظیم کام خداوند عالم کی مدد سے انجام دیا اور خداوند متعال ایسی عظیم شرکت اور ایسے عظیم اقدام کا اجر، قوم کو عطا کرے گا کہ جو مزید عزت، مزید طاقت اور مکمل خود مختاری ہوگا، ان شاء اللہ۔

کوشش کی جائے کہ ہم قومی اتحاد و یکجہتی کو محفوظ رکھیں، ہم سبھی اس کی کوشش کریں۔ یہ قومی یکجہتی بہت گرانقدر ہے، بہت قیمتی ہے۔ ایک پوری قوم سڑکوں پر آ جائے، ایک ہی بات کرے، ایک ہی نعرے لگائے، ایک ہی مطالبہ دوہرائے، یہ بہت گرانقدر ہے۔ لوگ اس بات کا مظاہرہ کریں کہ وہ عملی طور پر میدان میں موجود ہیں اور فخر سے اپنے دشمن کو اپنا تشخص اور اپنی شخصیت دکھا سکتے ہیں۔ میں پوری ایرانی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور کل کے اس دسیوں لاکھ کے عظیم الشان اور ملک گیر اجتماع میں شرکت کرنے والے ایک ایک فرد کی خدمت میں اپنا بے پایاں درود و سلام پیش کرتا ہوں۔

والسلام علیکم و رحمت اللہ و برکاتہ

(12 فروری 2026)