قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ اسلامی انقلاب سے قوم اور حکام کو وقار حاصل ہوا اور ایران اسی عزت نفس کی بنیاد پر سامراجی اور استعماری طاقتوں کے مقابلے میں اکیلے ڈٹ گیا۔

قائد انقلاب اسلامی نے پیر کے روز بحریہ کے کمانڈروں اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ ملت ایران کی استقامت سے استعماری طاقتوں کے پاؤں اکھڑ گئے۔ بحریہ کے قومی دن کی مناسبت سے ہونے والی اس ملاقات میں قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ملک کے جنوبی ساحلی علاقوں کی سلامتی و تحفظ بہت اہم ہے۔ آپ نے قوموں کی تحقیر کرنے، تاریخی اور ثقافتی میراث کو تباہ کرنے، قوموں کے اندر کمزوری کا احساس پیدا کرنے اور ان کے ذخائر پر قبضے کی برطانوی حکومت کی لمبی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ قاجاریہ دور اور خاص طور پر پہلوی دور میں ملک کے حکام تسلط پسند طاقتوں کے سامنے ذلت و رسوائی برداشت کرتے تھے۔ آپ نے فرمایا کہ جو قوم بھی دشمن کے مقابلے میں خود کو کمزور سمجھنے لگے وہ کچھ بھی نہیں کر پاتی تاہم اسلامی انقلاب نے ایران کو عزت و وقار سے نوازا لہذا سب کو اس کی قدر کرنا چاہئے۔ مسلح فورسز کے سپریم کمانڈر آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فوج اور پاسداران انقلاب فورس کے بحری شعبوں کو دو اہم ہدایات دیں جن میں ایک، مہم کی انجام دہی میں پوری سنجیدگی اور انتہائي توجہ سے کام کرنا اور دوسرے داخلی ڈھانچے کو گوناگوں مہارتوں، علمی صلاحیتوں، عزم و ارادے اور دینداری کے لحاظ سے مستحکم بنانا ہے۔