قائد انقلاب اسلامي آيت اللہ العظمي سيد علي خامنہ اي نے فرمايا کہ اسلامي جمہوريہ ايران کي تمام ترقي و پيشرفت سامراجي طاقتوں کی عائد کردہ پابنديوں اور دباؤ کے عالم ميں حاصل ہوئي ہے-

قائد انقلاب اسلامي آيت اللہ العظمي خامنہ اي نے جمعرات کو اساتذہ، طلبہ اور دانشوروں سے ملاقات ميں دنيا ميں علمی تحقیقات ميں ايران کی دو فيصد شراکت کي طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمايا کہ يہ ساري علمي ترقي و پيشرفت سختيوں اور ايران پر عائد پابنديوں کے زمانے ميں حاصل ہوئی ہيں- آپ نے فرمايا کہ ہر طرح کے دباؤ کے باوجود ايران کي ماہر علمي شخصيات اور نوجوانوں کي بلند ہمتی کي بدولت يہ ترقي حاصل ہوئي ہے جبکہ ان ايراني نوجوانوں کو پوري طرح منظم مالي حمايت بھي حاصل نہيں تھی۔

آيت اللہ العظمي خامنہ اي نے ايران ميں حيرت انگيز علمي ترقي و پيشرفت کا ذکر کرتے ہوئے فرمايا کہ دنيا کے اہم اور معتبر اداروں نے ایران کو سائنسی ترقی کے لحاظ سے دنیا میں سولہویں نمبر پر رکھا ہے اور ان کي پيشين گوئي ہے کہ آئندہ چار سال ميں ايران چھٹے مقام پر پہنچ جائےگا - قائد انقلاب اسلامي نے فرد اور معاشرے ميں ہمہ جہتي تبديلي پيدا کرنے اور پست خصلتوں پر اعلي انساني خصلتوں کےغلبے کے مقصد سے اسلام ميں تشکيل حکومت کے فلسفے کي تشريح کرتے ہوئے فرمايا کہ اس پس منظر ميں تعليمي اداروں، اعلي تعليمي مراکز اور اساتذہ و معلمين کا مقام اور ان کا کردار اور بھي زيادہ نماياں ہو جاتا ہے - قائد انقلاب اسلامي نے خود اعتمادي کو بچپن کے زمانے ميں بچوں کي تربيت کا ايک اہم عنصر اور بنيادي ضرورت بتايا اور فرمايا کہ ماضي ميں ايک غلط روايت جو قائم ہوگئي اور آج بھي باقي ہے وہ يہ ہے کہ خاص طور پر علمي ميدانوں ميں مغرب کو خود سے برتر تصور کيا جاتا ہے اور يہ احساس کيا جاتا ہے کہ ہميں مغرب کي ضرورت ہے اور ہم مغرب سے کم تر ہيں۔

قائد انقلاب اسلامي نے فرمايا کہ بچوں اور نوجوانوں ميں خود اعتمادي پيدا کرکے يہ غلط سوچ ختم کي جاني چاہئے۔ آپ نے فرمايا کہ مغرب کو برتر سمجھنے کے بجائے خود اعتمادي کا جذبہ بچوں اور نوجوانوں ميں پروان چڑھايا جانا چاہئے- قائد انقلاب اسلامي نے فرمايا کہ آج تعليمي اداروں اور اعلي تعليمي مراکز کا ايک اہم فريضہ يہي ہے کہ وہ بچوں اور طلباء ميں خود اعتمادي پيدا کريں -