اسلامی جمہوریہ ایران میں گیارہویں صدارتی اور چوتھے بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ جمعے کو صبح آٹھ بجے سے شروع ہو گئی۔ قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای پولنگ کا آغاز ہوتے ہی ابتدائی لمحات میں حسینیہ امام خمینی میں پولنگ اسٹیشن پر تشریف لائے اور آپ نے آٹھ بج کر چار منٹ پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقعے پر ایران کے متختلف ٹی وی چینلوں کے نمائندوں اور غیر ملکی نامہ نگاروں کی ایک بری تعداد موجود تھی۔ ووٹ ڈالنے کے بعد قائد انقلاب اسلامی نے میڈیا سے اپنی مختصر گفتگو میں کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے ایک بار پھر انتخابات کی توفیق عطا فرمائی۔ آپ نے فرمایا کہ انشاء اللہ آج ایرانی قوم ایک بار پھر حقیقی معنی میں یادگار مجاہدانہ سیاسی کارنامہ انجام دیگی۔ آپ نے اسی کے ساتھ عوام سے اپیل کی کہ پہلی فرصت میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں اور آخری لمحات میں ووٹ دینے کا انتظار نہ کریں۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ انہوں نے اپنے مد نظر صدارتی امیدوار کو ووٹ دیا ہے اور کسی کو بھی حتی اہل خانہ کو بھی یہ نہیں معلوم ہے کہ قائد انقلاب اسلامی نے کس کو ووٹ دیا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ عوام بھی اپنے مد نظر امیدوار کو ووٹ دیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ سبھی افراد انتخابات میں شرکت کریں۔ آپ نے فرمایا کہ عوام کی پرشکوہ شرکت دشمنوں کو مایوس کر دیگی۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن محاذ سے وابستہ سیاسی رہنما اور ان کے ذرائع ابلاغ اس کوشش میں ہیں کہ انتخابات میں عوام کی شرکت کم ہو لہذا عوام کو چاہئے کہ پرشکوہ اور بھرپور شرکت سے ان کی اس کوشش کو ناکام بنا دیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے پولنگ اسٹیشنوں کے اہلکاروں کو نصیحت کی کہ عوام کے ووٹ ان کی امانت اور حق الناس ہیں، ان کی حفاظت میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے۔