قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایمان و اتحاد کو دشمنان اسلام کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے اہم اور ضروری قرار دیا۔
عید الفطر کے مبارک موقعے پر ملاقات کے لئے آنے والے اعلی سول اور فوجی حکام، تہران میں متعین اسلامی ملکوں کے سفیروں اور عوام کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مسلمانوں کے درمیان ایمان او اتحاد کو پائیدار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ قائد انقلاب اسلامی نے بعض اسلامی ملکوں پر باہر سے مسلط کئے جانے والے اختلافات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایمان و اتحاد کو دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں قوموں کی استقامت و پائیداری کا اہم عنصر قرار دیا۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے یہ بات زور دیکر کہی کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور مسلمانوں کے ایمان و اتحاد کی وجہ سے اختلافات کے زہر آلود تیر ملت ایران کے جسم میں کبھی پیوست نہیں ہو سکے اور یہ قوم اللہ تعالی پر بھروسے اور اس کے وعدوں کے پورے ہونے کی امید کے ساتھ ترقی کی منزلیں طے کرتی چلی آ رہی ہے۔
قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حاضرین محفل اور قوم کے ایک ایک فرد کو عید فطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے، ایک مہینے کی روزہ داری اور عبادتوں کے نتیجے میں ملک کے اندر پیدا ہونے والے ذکر و توسل کے روحانی ماحول کو نزول رحمت الہی کا سبب قرار دیا اور اعلی حکام اور خاص طور پر نئی حکومت کی ٹیم پر زور دیا کہ وہ ملک و قوم کے تعلق سے اپنی خطیر ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ذکر الہی اور خداوند تعالی کی ذات پر بھروسہ کرتے ہوئے مستحکم اور پائیدار اقدامات کرے۔ قائد انقلاب اسلامی نے مغربی ایشیا اور شمالی افریقا کے بعض اسلامی ملکوں میں پیش آنے والی عظیم مشکلات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشکلات زیادہ تر اغیار کی جانب سے انجیکٹ اور مسلط کی گئی ہیں اور ان بحرانوں اور اختلافات سے نجات کا راستہ یہ ہے کہ یہ قومیں اپنے دانشوروں، نظریہ پردازوں اور اہل دانش افراد کی ہدایات کی روشنی میں فیصلے کریں اور بیرونی طاقتوں کی مخاصمانہ مداخلت اور عوام کے درمیان نفاق اور اختلافات پیدا کرنے کی کوششوں کا راستہ روک دیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے ایران میں عالمی سامراجی طاقتوں کی جانب سے اختلافات کی سازشوں کے ناکام ہو جانے کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ ایران میں مختلف مذاہب اور قومیتوں کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر اور سیاسی دھڑے اور تحریکیں مختلف معاملات میں باہمی اتحاد و یکجہتی کے ساتھ کام کرتے ہیں چنانچہ ان کے ایمان و اتحاد کے مقابلے میں مذہبی، قومیتی اور سیاسی اختلافات کی سازشوں کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔
قائد انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنی مختصر تقریر میں عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر استقامت و پائیداری اور تہذیب نفس کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے ماہ رمضان کے عبادی اجتماعات میں ملت ایران کی بھرپور والہانہ شرکت کی قدردانی کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام اسلامی ملکوں اور خاص طور پر ان ملکوں کی مشکلات کا جلد ازالہ ہو جائے گا جن کی مشکلات بیرونی طاقتوں کی مداخلت کے نتیجے میں دو چنداں ہو گئی ہیں۔