قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ پروسٹیٹ سرجری کے بعد ایک بار پھر اپنے معمول کی طرف لوٹتے ہوئے جمعہ 10 اکتوبر کو کوہ پیمائی کے لئے تشریف لے گئے۔
قائد انقلاب اسلامی نے تہران کے ایک کوہستانی علاقے میں کوہ پیمائی کی۔ پروسٹیٹ سرجری کے بعد یہ پہلا موقعہ تھا کہ قائد انقلاب اسلامی کوہ پیمائی کے لئے تشریف لے گئے۔ ڈاکٹروں نے قائد انقلاب اسلامی کو یہ مشورہ دیا ہے کہ نقاہت کا دور ختم ہو جانے کے بعد کوہ پیمائی جیسی ورزش کریں۔
قائد انقلاب اسلامی کی کوہ پیمائی کی ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں آپ نے کوہ پیمائی کے تعلق سے چند جملے کہے جو حسب ذیل ہیں؛
بسم اللہ الرحمن الرحیم

آپریشن کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ میں نے کوہ پیمائی کی۔ محترم معالجین نے مجھے اس کی سفارش کی تھی اور کہا تھا کہ کوہ پیمائی بہت مناسب ہے، کیونکہ نقاہت کا دور ختم ہونے کے بعد یہ ورزش جسم کے لئے بہت مفید ہوتی ہے۔
میں نے محسوس کیا کہ موسم اب بتدریج سردی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ آج 18 مہر (دس اکتوبر) ہے، ہوا میں خنکی آنے لگی ہے اور موسم سرما کی آمد آمد ہے، لہذا میرے لئے یہ عمل قدرے دشوار ہو جائے گا۔ اسی لئے آج میں ان برادران عزیز کے ساتھ کوہ پیمائی کے لئے آیا۔