قمر بنی ہاشم حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام کے یوم ولادت با سعادت کو ایران میں 'یوم جانباز' کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ایران میں جانباز ان سپاہیوں کو کہا جاتا ہے جو دفاع وطن میں زخمی ہوکر جسمانی طور پر معذور ہو گئے ہیں۔ یوم جانباز کی آمد کے موقع پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی جانب سے بدھ کے روز چار ٹیمیں تہران کے کچھ 'جانبازوں' کے گھر گئیں اور ان کے صبر و ضبط اور استقامت و پائیداری کی قدردانی کی۔
حجت الاسلام و المسلمین شہیدی محلاتی، حجت الاسلام و المسلمین تقوی، حجت الاسلام و المسلمین قمی، حجت الاسلام و المسلمین الحاج علی اکبری نے رہبر انقلاب اسلامی کی نمائندگی میں جانبازوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے حالات زندگی، علاج معالجے کی صورت حال، روزگار اور دیگر مسائل کے بارے میں استفسار کیا اور مقدس دفاع کے دوران جانبازوں کے ایثار و قربانی کی قدردانی کی۔
اسی طرح صوبوں کے مرکزی شہروں میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندوں اور ائمہ جمعہ نے بھی رہبر انقلاب اسلامی کی نمائںدگی میں ملک بھر میں جانبازوں کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی اور مقدس دفاع کی ان عظیم یادگاروں کی زحمتوں کی قدردانی کی۔