درس اخلاق

2024 September
آپ جو کام بھی کرتے ہیں اس نیت سے کیا کیجئے کہ یہ کام خدا کے لئے ہے۔ دکھاوا کہ لوگ جانیں، لوگ دیکھیں اور لوگ ہماری تعریف کریں، کام کی برکت ختم کر دیتا ہے۔ کسی کو خدا کا شریک نہ بنائیے، صرف خدا کے لئے کام کیجئے۔ لوگوں کی خدمت وہ کام ہے جو خدا کی رضا مندی کا سبب ہے۔ امام خامنہ ای 30 اگست 2022
2024/09/26
لغزشیں انسان کو تباہ و برباد کر دیتی ہیں۔ یہ تباہی کبھی عمل میں انحراف اور کبھی عقیدے میں انحراف پر منتج ہوتی ہے۔ اس کا علاج خود اپنی دیکھ بھال یعنی یہی تقویٰ ہے، اپنی طرف سے خبردار رہیں اور ہمارے قریبی افراد بھی ہم پر نگرانی رکھیں، بیویاں شوہروں کی اور شوہر بیویوں کی دیکھ بھال کریں اور قریبی دوست ایک دوسرے کا خیال رکھیں۔ امام خامنہ ای 11 ستمبر 2009
2024/09/10
خداوند کریم نے پیغمبر کو تلاوت کا حکم دیا ہے، ہمارے بھی فرائض میں سے ایک قرآن کی تلاوت ہے ... عالم اسلام میں کوئی ایک شخص بھی ایسا نہیں ملنا چاہئے کہ اس کا ایک دن قرآنی آیات کی تلاوت کے بغیر گزر جائے۔ امام خامنہ ای 12 مارچ 2024
2024/09/03
August
خدا کے ساتھ انسان کے رابطے کے لئے نماز سے مستحکم اور جاوداں کوئی اور وسیلہ نہیں ہے۔ سب سے معمولی انسانوں کا اپنے خدا کے ساتھ رابطہ نماز کے ذریعے ہی شروع ہوتا ہے۔ اور ممتاز ترین اولیائے خدا بھی اپنے نماز میں ہی اپنے محبوب کے ساتھ بہشت خلوت تلاش کرتے ہیں۔ ذکر و راز کا یہ بے بہا خرانہ کبھی ختم ہونے والا نہیں ہے۔ امام خامنہ ای 8 اکتوبر 1991
2024/08/26
سیاسی کاموں میں اور سیاسی گروہ بندیوں میں، جہاں آپس میں اختلاف نظر پایا جاتا ہے، ہر گروہ کا طریقہ کار الگ ہوتا ہے اور اس میں کوئی حرج بھی نہیں ہے (لیکن) تقوے کا خیال رکھنا لازم ہے، ہر شخص کو شرعی محرمات سے پرہیز کا پاس و لحاظ پوری سنجیدگی کے ساتھ کرنا چاہئے۔ اگر ایسا ہوا تو انشاء اللہ کام کا نتیجہ بھی خاطر خواہ ہوگا۔ امام خامنہ ای 07 مارچ 2024
2024/08/18
آج ہمارے معاشرے میں ایک بنیادی فکر اخلاق و عادات تبدیل کرنے پر مرکوز ہونا چاہئے، ہم میں سے ہر شخص کو اپنی یہ ذمہ داری سمجھنا چاہئے کہ ایک شخص کی عادت بدل کر اس کو برائی سے اچھائی کی راہ پر لگائیں اور وہ ایک شخص کوئی اور نہیں بلکہ ہم خود ہیں۔ امام خامنہ ای 14 جولائی 1993
2024/08/11
July
وہ علم کہ جس کی آپ تعلیم دیتے ہیں، وہ جتنا زیادہ فائدہ مند ہو اس کا اتنا ہی زیادہ ثواب ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ اگر آپ قرآن اور دینی علوم پڑھائیں تو ثواب ہے اور ریاضی، فزکس اور کیمسٹری وغیرہ کی تعلیم دیں تو اس میں ثواب نہیں ہے۔ امام خامنہ ای 3 مارچ 1996
2024/07/30
آپ واقعی اپنی نیتوں کو خدا کے لئے خالص کیجئے، جب نیت سچی ہوگی تو الہی رحمت اور الہی ہدایت کی آپ کے چاروں طرف بارشں ہوگی، "ھدی ً للمتقین" قرآن نے اپنی ہدایت متقین سے مخصوص قرار دی ہے۔ امام خامنہ ای 1 اگست 2019
2024/07/24
February
  ہمارا معاشرہ امیر المومنین علیہ السلام کے زہد کی سمت میں آگے بڑھے۔ مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم امیرالمومنین کی طرح زاہد بن جائیں۔ کیونکہ نہ ہم بن سکتے ہیں نہ ہم سے اس کا مطالبہ کیا گیا ہے لیکن ہم کو ان ہی کی راہ پر چلنا چاہئے یعنی فضول خرچی اور ایک دوسرے کی دیکھا دیکھی سے پرہیز کرنا چاہئے۔ ایسی صورت میں ہم امیرالمومنین کے شیعہ کہے جائیں گے۔ فرمایا ہے: "ہمارے لئے زینت بنو۔" ہمارے لئے زینت بننے کا کیا مطلب ہے؟ مطلب یہ ہے کہ تمہارا عمل ایسا ہو کہ جب کوئی تم کو دیکھے تو کہے: واہ واہ امیر المومنین کے شیعہ کس قدر اچھے ہیں! وہ جو رشوت لیتا ہے، زینت نہیں ہے، عیب ہے۔ وہ جو بیت المال سے زیادہ رقم چاہتا ہے اور زیادہ لیتا ہے، یہ ایک شیعہ کے لئے عیب ہے۔ وہ جو برائیوں کے سلسلے میں آنکھیں بند کر لیتا ہے اور تقوے کی جانب معاشرے کی ہدایت و رہنمائی سے متعلق ذمہ داری کا کوئی احساس نہیں رکھتا، یہ چیز اسلامی نظام اور اسلامی معاشرے کے لئے عیب ہے۔ جو اپنی ذاتی زندگی میں فضول خرچی میں گرفتار ہے، یہ عیب ہے۔ افسوس کہ ہم فضول خرچی میں گرفتار ہیں۔ ہم برسوں سے اس بارے میں مسلسل نصیحت کرتے چلے آرہے ہیں خود اپنے آپ کو، عوام کو اور دوسروں کو برابر سمجھاتے رہتے ہیں اور بار بار کہتے ہیں، ہمیں آگے بڑھنا چاہئے اور معاشرے سے فضول خرچی کو کم کرنا چاہئے۔ امام خامنہ ای  21 ستمبر 2016    
2024/02/08
January
ابدی زندگی میں انسان کی نجات اخلاص عمل سے وابستہ ہے۔ خدا کے لئے کام کرنا اور عمل میں اخلاص ہونا باعث نجات ہے۔ یہ بہت سے مقامات پر نہیں ہوتا۔ بہت سے کاموں میں انسان سوچتا ہے کہ اس نے یہ کام خدا کے لئے کیا ہے، بعد میں جب خود ہی ذرا انصاف کے ساتھ توجہ دیتا ہے تو دیکھتا ہے کہ وہ عمل پوری طرح خالص نہیں ہے "وَ استغفِرُكَ مِمَّا اردتُ بہ وجہكَ فخالَطَنی ما لیس لک" یہ ان دعاؤں میں سے ایک ہے جو نافلۂ صبح اور نماز صبح کے درمیان پڑھی جاتی ہے (جس میں بندہ) کہتا ہے: خدایا! میں توبہ کرتا ہوں اس عمل سے جو میں نے چاہا تھا کہ صرف تیرے لئے انجام دوں لیکن اس میں "فخالَطَنی مالیس لک" ایسا جذبہ اور ایسی نیت شامل ہوگئی جو خدائي نہیں تھی ... جس جگہ بھی انسان کے لئے اخلاص عمل ممکن ہو، غنیمت ہے۔ امام خامنہ ای 2 مئی 2016
2024/01/11