آج اسلام کے دشمن، اصلی دشمن، "وَجَعَلْنَاهُمْ أَئِمَّةً يَدْعُونَ إِلَى النَّارِ" کے مصداق یہی استکبار اور صیہونزم ہیں۔ در اصل یہی طاقتیں ہیں جو اپنی پوری توانائی سے اسلام کا مقابلہ کر رہی ہیں، مخالفت کر رہی ہیں۔ اس دشمنی کی تازہ مثال وہ ڈراما ہے جو گزشتہ ہفتے پیرس میں نظر آیا۔ یہ ڈراما جو پیرس میں دکھایا گيا، بہت قابل توجہ اور قابل غور ہے۔ ایک کارٹونسٹ کوئی حماقت کرتا ہے، کارٹون کی زبان میں پیغمبر کو ناسزا کہتا ہے۔ صرف اتنی بات نہیں ہے کہ کوئی آرٹسٹ بہک گیا ہے، منحرف ہو گیا ہے اور کوئی حماقت کر بیٹھا ہے، صرف یہ نہیں ہے۔ اس واقعے کی پشت پر کچھ لوگ ہیں۔ ثبوت کیا ہے؟ ثبوت یہی ہے کہ یکبارگی ہم دیکھتے ہیں کہ آرٹسٹ کے دفاع میں ایک صدر یا ایک حکومت آ جاتی ہے، کچھ دوسری حکومتیں بھی حمایت کرتی ہیں۔