قائد انقلاب اسلامی نےآج سے شروع ہونے والے نئے ایرانی سال تیرہ سو ستاسی کو خلاقیت و پیش رفت کا سال قرار دیا ہے۔
نئے سال کے آغاز پر آج صبح قوم کے لئے اپنے پیغام میں قائد انقلاب اسلامی نے گزشتہ سال کے اہم واقعات پر سرسری نظر ڈالی اور نئے سال کی ترجیحات بیان فرمائیں۔
آپ نے فرمایا کہ نئے سال میں جملہ سیاسی، سفارتی، اقتصادی، سماجی اور ترقیاتی شعبوں میں خلاقییت اور پیش رفت سے عوام کوخوشنود و شادماں کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ نے فرمایا کہ اس سال پورے ملک میں خلاقیت کی فضا حکمفرما ہونی چاہئے اور تمام عہدیداروں کا فریضہ ہے کہ جملہ مادی و معنوی وسائل کو بروی کار لاتے ہوئے، بھرپور انتظامی صلاحیتوں اور دانشمندانہ حکمت عملی کے ساتھ نئے نئے کارنامے انجام دیں تاکہ عوام خوش و خرم ہو سکیں۔
آپ نے حالیہ پارلیمانی انتخابات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انتخابات کے نتائج کو دنیا کے لئے حیرت انگیز قرار دیا اور فرمایا کہ نئے سال میں تاز دم پارلیمان میدان عمل میں قدم رکھنے جا رہی ہے اور یہ پارلیمان، ملک کی انتھک جد و جہد کرنے والی حکومت کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کرے گی۔
آپ نے نئے سال میں یقینی کامیابیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس سال مقدس اسلامی جمہوری نظام نے، قومی خود مختاری و سربلندی کے دفاع اور علمی و عملی پیش رفت کی جانب پیش قدمی کی محافظت کرتے ہوئے تیس سال مکمل کر لئے، یہ ساری سعی و کوشش ملت ایران کی تاریخ میں ہمیشہ باقی رہے گی۔
قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ عالمی میدان میں ہمارے دوست بھی ہیں اور دشمن بھی جبکہ بعض ممالک ہمارے دشمن تو نہیں لیکن رقیب ہیں، ایسے پیچیدہ عالمی میدان میں ہمیں اپنا مقام حاصل کرنا ہے اور اپنے اہداف کے تعین کے ساتھ ان کی سمت گامزن ہونا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ ہم معمولی رفتار سے اپنا سفر جاری نہیں رکھ سکتے بلکہ دگنی کوششوں کے ساتھ منصوبہ بند برق رفتاری سے ہمیں آگے بڑھنا ہوگا اور اندرونی سطح پر اسی طرح پیچیدہ عالمی میدان میں بڑی کامیابیوں کے لئے تمام وسائل و صلاحیتوں کو استعمال کرنا ہوگا۔
آپ نے حکومت اور عوام کے درمیان مکمل تعاون اور اللہ تعالی کی ذات پر توکل کو، ملت ایران کی قوت و اقتدار کا مقدمہ قرار دیا اور فرمایا کہ نئے سال میں میں دو باتوں کی امید رکھتا ہوں ایک تو یہ کہ تمام سماجی، اقتصادی اور عوامی خدمت کے شعبوں میں علم و تحقیق اور خدمت گزاری کا رجحان بڑھے گا۔
قائد انقلاب اسلامی نے مزید فرمایا کہ میری دوسری امید یہ ہے کہ گزشتہ برسوں میں جو کام ہوئے ہیں اور حکومت نے حالیہ برسوں میں جن منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا ہے ان کا نتیجہ سامنے آئے اور ان کوششوں اور زحمتوں کا نتیجہ دیکھ کر عوام شادماں ہوں اس لئے میں اس سال کو خلاقیت اور پیش رفت کے سال سے موسوم کرتا ہوں۔
آپ نے گزشتہ سال کے اہم واقعات میں سب سے پہلے برطانوی بحریہ کے فوجیوں کی ایرانی فورسز کے ہاتھوں گرفتاری پھر ایرانی حکومت کی جانب سے ان کی معافی و رہائی کا تذکرہ فرمایا۔ آپ نے اسی طرح پارلیمانی انتخابات اور سب سے آخری واقعے کے طور پر سڑک حادثے میں کچھ طلبا کے جاں بحق ہونے کے دلخراش واقعے کی جانب اشارہ فرمایا۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ ایک قوم کی زندگی تلخ و شیریں واقعات کے بیچ گزرتی ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ گزشتہ برسوں میں بڑے اہم اقدامات کئے گئے ہیں البتہ ان کے ثمرات رفتہ رفتہ قوم کے سامنے آئیں گے۔
قائد انقلاب اسلامی نے عید نوروز کے ساتھ ہی عید ولادت پیغمبر اسلام اور حضرت امام صادق کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ملت ایران اور عید نوروز منانے والی تمام اقوام کو ان عیدوں کی مبارکباد پیش کی۔
آپ نے اپنے پیغام کے آخری حصے میں دعائیہ جملوں فرمایا کہ ایرانی قوم خلاقیتوں اور پیش رفت سے استقادہ کرتے ہوئے نیا سال، وقار و کامیابی، اور اقتدار و کامرانی کےساتھ گزارے۔