قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ کی شب تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات میں معاشی تعاون کی تنظیم ای سی او کو بہت اہم تنظیم قرار دیا۔
قائد انقلاب اسلامی نے ای سی او کے رکن ممالک کے اہم اور حساس محل وقوع اور گوناگوں خصوصیات اور وسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ تمام کمیوں کی بھرپائی کر دینے والے ان وسائل و مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اس تنظیم کو زیادہ فعال اور طاقتور بنانے کی ضرورت ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے دین اسلام اور فارسی زبان سمیت دونوں ملکوں کے مختلف ثقافتی اور تاریخی اشتراکات کو باہمی تعاون کے فروغ کے لئے بڑے قابل قدر مواقع سے تعبیر کیا اور فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران فضائی و خلائی، طبی و صنعتی شعبوں اور دیگر میدانوں میں اپنے تجربات اور ترقی سے دوست و برادر ممالک کو فائدہ پہنچانے کے لئے آمادہ ہے اور اس طرح علاقے کی متوازن اور یکساں ترقی میں مدد ملے گی۔
ملاقات میں تاجکستان کے صدر نے قائد انقلاب اسلامی کی خدمت میں اپنے ملک کے عوام کا سلام پہنچایا اور کہا کہ دنیا اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی و پیش رفت کی شاہد ہے اور یہ ترقی دنیا بھر میں مسلمانوں اور فارسی زبان بولنے والوں کے لئے باعث افتخار و سربلندی ہے۔ جناب امام علی رحمان نے باہمی تعلقات کی سطح کو اطمینان بخش قرار دیا اور مشترکہ منصوبوں پر عملدرآمد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم کو ایران کی حمایت و مدد کی ہمیشہ توقع رہی ہے اور رہے گی۔