قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا دورہ قم جاری ہے اور آج امام خمینی رحمت اللہ علیہ تعلیمی و تحقیقی فاؤنڈیشن کے عہدہ داروں نے آپ سے ملاقات کی۔ آج دوپہر کے وقت ہونے والی اس ملاقات میں قائد انقلاب اسلامی نے امام خمینی تعلیمی و تحقیقی فاؤنڈیشن کی علمی جفاکشی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ جامع اور کامل ادارہ مربوط، بلا وقفہ، مخلصانہ اور عالمانہ کوششوں کے لحاظ سے علوم دینی کے مرکز کے لئے نمونہ قرار پا سکتا ہے۔ ادارے کے سربراہ آيت اللہ مصباح یزدی کے اخلاص اور بے لوث علمی خدمات کی قدردانی کرتے ہوئے قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ کسی بھی ادارے کے سربراہ میں اتنی صفات و خصوصیات کا پایا جانا برکات الہی کے نزول کا باعث ہے۔ آپ نے فرمایا کہ اس ادارے کی علمی خدمات اور مساعی کو صحیح شکل میں منظر عام پر لانا چاہئے۔
ملاقات کے آغاز میں امام خمینی تعلیمی و تحقیقی فاؤنڈیشن کے سربراہ آيت اللہ مصباح یزدی نے ادارے کی علمی و تحقیقی کاوشوں کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ ادارے کے نائب سربراہ حجت الاسلام رجبی نے بھی مختلف شعبوں کے تعلق سے اس ادارے کے منصوبوں اور اقدامات کی بریفنگ دی۔