قائد انقلاب اسلامی اور ایران کی مسلح فورسز کے سپریم کمانڈر آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر اور دیگر عہدہ داروں سے ملاقات میں افرادی قوت میں اضافے، صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے جذبے اور جدت عمل کو بحریہ کے مستقبل کے لئے بہت ضروری قرار دیا اور فرمایا کہ یہ بڑا مشن مضبوط ارادوں، اچھی منصوبہ بندی اور پائيدار اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ انتظامی اقدامات کے ذریعے پورا ہو سکتا ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے بحریہ کو انتہائی اہم فورس قرار دیا اور فرمایا کہ دنیا کے موجودہ حالات اور عالمی سیاسی و جغرافیائی صورت حال کے پیش نظر ہمیں چاہئے کہ سمندر اور ساحل پر جہاں تک ہو سکے اپنی قوت و طاقت میں اضافہ کریں۔ قائد انقلاب اسلامی نے بحریہ کی صلاحیتوں، تیاریوں اور جوش و جذبے کو اطمینان بخش اور انقلابی معیاروں کے مطابق قرار دیا اور بحریہ اور سپاہ پاسداران انقلاب فورس کے بحری شعبے کے مابین نزدیکی تعاون کی قدردانی کی۔
اس ملاقات کے آغاز میں بحریہ کے سربراہ ایڈمرل جنرل سیاری نے بحریہ میں نئی اسٹریٹیجک سند کی تدوین اور جدید ٹکنالوجی کے استعمال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں اور توانائيوں کی رپورٹ پیش کی۔