قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سنیچر کی رات جنوبی ایران کے ساحلی شہر بندر عباس میں فوج اور سپاہ پاسداران انقلاب کے بحری شعبے کے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں ایرانی بحریہ کی مقتدرانہ موجودگی کو قوموں کے وقار کی علامت قرار دیا۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بین الاقوامی آبی حدود میں فوج اور پاسداران انقلاب کے بحری شعبے کے جوانوں کی مقتدرانہ موجودگی جمہوری نظام کی طاقت و توانائی اور قوموں کے وقار کی علامت ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بین الاقوامی بحری حدود میں یہ اسٹریٹیجک موجودگی جو فوج اور سپاہ پاسداران انقلاب کے بحری شعبے کے کمانڈروں اور جوانوں کی مربوط کوششوں اور زحمتوں کا نتیجہ ہے جو پوری انسانیت کی خدمت بھی ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ملت ایران نے اپنے اصولوں پر ثابت قدم رہ کر اور بغیر کسی انحراف کے اپنے راستے پر مسلسل پیش قدمی کے ذریعے ثابت کر دیا کہ قوموں کی خود مختاری اور قومی عزم کا راستہ کبھی مسدود نہیں ہوتا چنانچہ اگر کوئی قوم عزم کر لے تو ملت ایران کی طرح عزت و قدرت و ثروت سے بہرہ مند ہو سکتی ہے۔ آپ نے ایران اور اسلام کے خلاف دشمنوں کے زہریلے پروپیگنڈوں اور حقائق میں تحریف کی سازشوں کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ مغرب کی اس تشہیراتی مہم کا نمونہ شمالی یورپ کے ملک (ناروے) میں پیش آنے والے مجرمانہ واقعے کے سلسلے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ واقعہ رونما ہوتے ہی مسلمانوں کی جانب انگشت نمائی ہونے لگی، اس لئے مغربی تشہیراتی مہم کی عدم صداقت اور گہری خباثت کا اندازہ ہوتا ہے۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ان منفی پروپیگنڈوں اور الزام تراشیوں سے ملت ایران اور مسلم اقوام کے عزم و ارادے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
قائد انقلاب اسلامی نے ایران پر مسلط کی جانے والی آٹھ سالہ جنگ کے دوران اور خاص طور پر جنگ کے ابتدائی دنوں میں ملت ایران کو پیش آنے والے دشوار حالات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ مسلط کردہ جنگ کے ابتدائی دنوں میں جب بعض لوگ مایوس کن باتیں کر رہے تھے حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے جو نور الہی کے عظیم سرچشمے سے وابستہ تھے استقامت کا مظاہرہ کیا اور فرمایا کہ ہم کامیاب ہو سکتے ہیں اور ایسا ہی ہوا۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج جب ملت ایران زمانہ جنگ کے مقابلے میں بہت زیادہ پیشرفتہ اور عظیم افرادی قوت سے مالامال ہے تو پیشرفت کا سلسلہ جاری رکھنا اسی جذبے کے زیر سایہ ممکن ہوگا۔
اس موقعے پر قائد انقلاب انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل پاسداران انقلاب فورس کے بحری شعبے کے کمانڈر بریگیڈیئڑ جنرل فدوی نے مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ خلیج فارس کے ساحل پر فوج اور پاسداران انقلاب فورس کے بحری شعبے کے جوانوں اور کارکنوں کی مع اہل خانہ موجودگی ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے ان کے پختہ عزم و ارادے کا ثبوت ہے۔