قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں ملت ایران کی استقامت کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ظالمین کے مقابلے میں ڈٹا رہے گا اور اپنے موقف سے ہرگز پسپائی اختیار نہیں کرے گا۔
قائد انقلاب اسلامی نے سنیچر کو اپنے دورہ کرمانشاہ کے چوتھے دن گیلان غرب شہر میں عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ دشمن ایران کو عالمی سطح پر تنہای کرنے اور ایرانوفوبیا پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ماضی کی طرح اس بار بھی اس کا نتیجہ امریکی حکومت کے لئے قوموں کی کبھی نہ ختم ہونے والی نفرت اور ملت ایران کے قابل فخر کارناموں سے خطے کی قوموں کے لگاؤ اور انسیت کے علاوہ کچھ نہیں نکلے گا۔
قائد انقلاب اسلامی نے عالمی صیہونی نیٹ ورک سے وابستہ ذرائع ابلاغ کے حالیہ ہنگامہ خیز پروپیگنڈے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ایران پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام دراصل عالمی ظالموں کی پے در پے سازشوں کی ہی ایک کڑی ہے۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بے بنیاد الزامات کے ذریعے اسلامی جمہوریہ ایران کو سیاسی پروپیگنڈے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن یہ سازش بھی دشمنوں کے دوسرے اقدامات کی طرح لاحاصل اور غیر موثر ثابت ہوگی اور ان کے تصور کے برخلاف خود ان کی تنہائی کا باعث بنے گی۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امریکہ کے مختلف شہروں میں پھیلنے والی وال اسٹریٹ مخالف تحریک کی جانب اشارہ کیا اور امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ لوگ تو اپنی قوم میں بھی تنہا ہو چکے ہیں اور لوگوں کی کثرت سے خوفزدہ ہیں لیکن اس کے باوجود ایران کے خلاف اپنے بے بنیاد پروپیگنڈے کو عام کرنے کی کوشش میں میں لگے ہوئے ہیں۔
قائد انقلاب اسلامی نے ملت ایران کی پائیداری اور استقامت کی تعریف کی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی امنگوں کے لئے دنیا کی دیگر قوموں کے بڑھتے ہوئے رجحان کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ ایران کی بڑھتی ہوئی حمایت کے مقابلے میں امریکی حکام کو صرف ایک فی صد اقلیتی طبقے کی حمایت حاصل ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مشرق وسطی کے اہم خطے میں مسلسل پھیلتی جا رہی اسلامی بیداری کی تحریک کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ مستقبل اسلام کا ہے اور اسلام کا پرچم انشاء اللہ تمام خطوں پر لہرائے گا اور خطے کی قوموں کا ایک طاقتور اور مضبوط اتحاد ابھر کر سامنے آئے گا۔