قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ ایران کے عوام ہر قسم کی جارحیت کا پوری قوت سے جواب دیں گے۔
قائد انقلاب اسلامی نے جمعرات کو امام علی فوجی کیڈٹ یونیورسٹی میں کیڈٹس کی گریجوئيشن اور حلف برداری کی تقریب سے خطاب میں فرمایا کہ دشمنوں خاص طور پر امریکہ اور صیہونی حکومت کو یہ جان لینا چاہئے کہ ایران کے عوام کسی بھی ملک اور قوم پر جارحیت کے بارے میں کبھی بھی نہیں سوچتے لیکن وہ ہر قسم کی جارحیت اور حتی دھمکیوں کا بھی ایسا دنداں شکن جواب دیں گے کہ جارحیت کا ارتکاب کرنے والے اندر سے بکھر جائیں گے۔ قائد انقلاب اسلامی ایران نے فرمایا کہ ایران کی ثابت قدم قوم کوئی ایسی قوم نہیں ہے جو بیٹھی رہے اور ایسی مادی قوتوں کی جو اندر سے بالکل کھوکھلی ہیں دھمکیوں کا تماشا دیکھتی رہے۔ آپ نے فرمایا کہ جس کسی کے بھی ذہن میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف جارحیت کا فطور پیدا ہو رہا ہے اسے ایران کی فوج، سپاہ پاسداران انقلاب اور رضاکار فورس بسیج اور مجموعی طور پر ایران کی عظیم قوم کے آہنی مکے اور منہ توڑ جواب سہنے کے لئے بھی تیار رہنا چاہئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ اسلامی جمہوری نظام کی ساخت قومی اتحاد اور قوم کے ہر فرد کے دلوں کا ایک دوسرے کے ساتھ دھڑکنا، یہ ساری خصوصیات ہی ایران کی سب سے مضبوط دفاعی طاقت ہیں اور اس مرحلے پر سب کا فریضہ ہے کہ وہ اس محکم اور غیر متزلزل مجموعے اور نظام کی ساخت کی حفاظت کریں اور اسے پہلے سے بھی زیادہ مضبوط بنائیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے ایران کی مسلح افواج منجملہ فوج کی دفاعی صلاحیتوں کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ دیانت، ایمان اور تقوی کے ساتھ مسلح افواج کی یہ دفاعی صلاحیتیں ایران کے عوام اور ملک کے لئے باعث افتخار ہیں اور ان کی حفاظت کی جانی چاہئے۔
قائد انقلاب اسلامی نے زور دیکر فرمایا کہ ایک ایسی دنیا میں جہاں افسوس کہ قوموں اور ملکوں کے تعلقات طاقت اور ہتھیاروں کی بنیاد پر طے پاتے ہیں اور غنڈہ گردی پر یقین رکھنے والی طاقتیں کوشش کرتی ہیں کہ قوموں کی تقدیر کا فیصلہ وہ اپنی قدرت کے ذریعے ہی کریں، صرف وہی قومیں ہر طرح کی آفت اور جارحیت سے محفوظ رہیں گی جنہوں نے اپنی دفاعی توانائیوں کو دنیا والوں پر ثابت کیا ہے۔