قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اتوار 6 مئی کی صبح تہران کے بین الاقوامی بک فیئر کا معائنہ کیا۔ آپ ڈھائی گھنٹے تک کتابوں کے پچیسویں عالمی میلے میں رہے۔ اس موقعے پر ایران کے وزیر ثقافت و اسلامی ہدایت بھی آپ کے ہمراہ تھے۔ الگ الگ بک اسٹالوں کے ذمہ دار افراد نے اپنے اپنے اسٹال کی کتب سے متعلق تفصیلات سے قائد انقلاب اسلامی کو آگاہ کیا اور نئی شائع شدہ کتب کے بارے میں بتایا۔ قائد انقلاب اسلامی نے اس موقع پر عالمی بک فیئر میں موجود ناشر حضرات سے خطاب کیا۔ آپ نے بک فیئر کی عوام الناس میں زبردست پذیرائی کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ ایسے پروگراموں کا اہتمام کیا جانا چاہئے جن سے ملک کے اندر کتب کے مطالعے کا شوق اور بھی عام ہو اور اس میں مزید گہرائی آئے۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ درست منصوبہ بندی اور مرحلہ وار اہداف کے تعین کے ذریعے ہر سال کتابوں کی نمائش کے انعقاد اور اس کی پذیرائی میں وسعت کے ساتھ ہی ملک میں کتب کے مطالعے کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہونا چاہئے۔
قائد انقلاب اسلامی نے باصلاحیت اور مہارت رکھنے والے افراد کے ذریعے ہر سال کتابوں کی نمائش کے معیار اور کیفیت کے جائزے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ اس جائزے سے معلوم ہوگا کہ ہر دفعہ کا بک فیئر سابقہ بک فیئر سے کتب کے علمی معیار کے لحاظ سے بہتر رہا ہے یا نہیں۔
قائد انقلاب اسلامی نے کتب کی نشر و اشاعت کی رکاوٹوں کو برطرف کرنے پر تاکید کی اور فرمایا کہ ثقافت اور اسلامی ہدایت کی وزارت کو چاہئے کہ حکومت کی مدد سے ان رکاوٹوں اور خاص طور پر کاغذ کی گرانی کو برطرف کرے۔
قائد انقلاب اسلامی نے ملک کے اندر کاغذ کی پیداوار کو دوسری متعدد مصنوعات کی بنیاد قرار دیا اور فرمایا کہ قومی پیداوار میں سب سے اہم وہ پیداوار ہے جو دیگر مصنوعات کی بنیاد واقع ہو۔ آپ نے فرمایا کہ کاغذ تیار کرنے والے کارخانوں کی مشکلات کا ازالہ ہو جانے سے کتب کی قیمتوں میں کمی اور کتب کے مطالعے میں اضافے کا راستہ کھلے گا۔
قائد انقلاب اسلامی نے ترجمے کے سلسلے میں فرمایا کہ ترجمہ یکطرفہ عمل نہیں ہے بلکہ حکومت کو بھی چاہئے کہ ایسے حالات و وسائل فراہم کرے کہ ملک میں مذہبی، تاریخی، ادبی اور دیگر موضوعات پر تخلیق کی جانے والی کتب کا مختلف زبانوں میں ترجمہ ہو اور انہیں دنیا والوں کے سامنے پیش کیا جائے۔
قائد انقلاب اسلامی نے کتابوں کے فارسی متن کے گرامر کے لحاظ سے صحیح ہونے، کتب کی تصحیح اور کتب کی ظاہری شکل کو بہت اہم قرار دیا اور فرمایا کہ کتب کی تخلیق اور پیشکش کے پورے عمل میں ایک اہم ترین کام کتب کا ڈسٹریبیوشن اور سلسلہ وار کتاب خانوں کا اہتمام ہے۔
اس موقعے پر قائد انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل بعض ناشرین نے کتب اور مطالعے کے سلسلے میں مختلف موضوعات پر اپنے خیالات بیان کئے۔