قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے شمالی شہر نوشہر کے اپنے دورے کے دوران منگل کے روز اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کی نئی ایجادات اور مصنوعات کی نمائش کا معائنہ کیا۔

قائد انقلاب اسلامی کو سب سے پہلے بحریہ کے شمالی ڈویژن کی کارکردگی، بحری علاقوں میں اس کی سرگرمیوں اور نگرانی کے عمل کی رپورٹ پیش کی گئی۔ اس موقعے پر قائد انقلاب اسلامی نے بعض بحری بیڑوں کے کمانڈروں سے لاسلکی آلات کے ذریعے گفتگو کی اور اسکرین پر ان کی نقل و حرکت کا مشاہدہ کیا۔ نوشہر کی امام خمینی کیڈٹ یونیورسٹی کے طلبہ نے بھی اس نمائش میں اپنی ایجادات پیش کیں۔ ان میں تحقیقاتی ڈرون طیاروں میں استعمال ہونے والے لیزر سسٹم اور ریموٹ کنٹرول سے چلنے والی تحقیقاتی آبدوز طاہا کا نام لیا جا سکتا ہے۔ طاہا کو صوتی لہروں کی مدد سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔ نمائش میں جاسک 2 نامی میزائل لانچنگ پیڈ بھی رکھا گيا تھا جو سطح سمندر کے اندر سے سطح پر تیرنے والے اہداف کو نابود کرنے کے لئے استعمال ہوتا ہے۔ یہ سسٹم وزارت دفاع، بحریہ کے ادارہ جہاد خود انحصاری اور یونیورسٹیوں سے وابستہ مراکز کے باہمی تعاون سے تیار کیا گيا ہے۔ نمائش میں مختلف کیڈٹ یونیورسٹیوں نے اپنی اپنی مصنوعات پیش کیں۔