ملک بھر میں مساجد میں اعتکاف کے معنویت و روحانیت سے معمور پروگرام کا اہتمام کرنے والے کمیشن کے ارکان نیز اعتکاف کے موضوع پر تیسرے قومی سیمینار کی منتظمہ کمیٹی کے ارکان نے قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں قائد انقلاب اسلامی نے اعتکاف کی سنت حسنہ کی ملک میں وسیع پذیرائی اور حیرت انگیز استقبال کو عنایت پروردگار سے تعبیر کیا اور اسے ماحول سازی و بنیاد سازی کی اسلامی انقلاب کی توانائیوں کا مظہر قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ اس سنت نبوی کے مہتمم حضرات کو چاہئے کہ ذہانت کے ساتھ منصوبہ بندی کریں اور خامیوں اور اندیشوں کا صحیح اندازہ لگاکر ایسا سازگار ماحول تیار کریں کہ اعتکاف میں بیٹھنے والے مومنین کے دل و ذہن اللہ سے قریب ہوں اور ان کی روحانی طہارت کا راستہ ہموار ہو۔
قائد انقلاب اسلامی نے اعتکاف کی عبادت کو، روحانی ارتقاء کے لئے محنت و مشقت کو شوق و رغبت سے قبول کئے جانے سے تعبیر کیا اور فرمایا کہ اسلامی انقلاب کے بعد اعتکاف سے نوجوانوں کا ناقبل توصیف والہانہ عشق جو آج ملک بھر میں مساجد اور یونیورسٹیوں میں نظر آتا ہے، اسے بڑی بیش قیمتی نعمت اور موقعہ سمجھنا چاہئے۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اعتکاف کے لمحات کو عبادت و مناجات سے مختص کر دینا چاہئے۔ آپ نے فرمایا کہ اسلامی طرز معاشرت کی تعلیم اور عملی تجربہ، اعتکاف میں بیٹھنے والوں سے دوستانہ و برادرانہ رابطہ اور دینی تعلیمات لینا اور دوسروں کو دینا اس نورانی پروگرام کی خصوصیات ہیں۔
قائد انقلاب اسلامی نے دانشمندی کے ساتھ اس پروگرام کی منصوب بندی کئے جانے اور اعتکاف کی روح و معنویت کے مطابق جملہ خامیوں کی نشاندہی کی ضرورت پر زور دیا اور فرمایا کہ پرگرام ترتیب دینے میں بنیادی توجہ اعتکاف میں بیٹھنے والے افراد کے ذہن و دل کی اللہ سے قربت پر ہونا چاہئے، یعنی دوسری طرف سماج اور زندگی کے معمول کے ہنگاموں اور فروعی باتوں سے توجہ پوری طرح ہٹ جانا چاہئے۔