رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اربعین حسینی کے موقع کے اس بامعنی اور پرمغز عمل میں شرکت کی توفیق حاصل کرنے والوں کی عراقی عوام کی طرف سے محبت آمیز اور پرتپاک پذیرائی و خدمت کا ذکر کرتے ہوئے سفارش کی کہ ان لمحات کی قدر کی جانی چاہئے۔ آپ نے فرمایا کہ ہم بھی دور سے اربعین حسینی کے زائرین کو دیکھ کر رشک اور یہ آرزو کرتے ہیں کہ 'اے کاش ہم بھی آپ کے ساتھ ہوتے!'
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے خاندان پیغمبر اکرم سے عاشقانہ اور روحانی وابستگی کے ان مواقع اور ان نورانی، ملکوتی اور عظیم ہستیوں کی زیارت کو اسلامی مسلکوں میں شیعہ فرقے کے طرز فکر کا طرہ امتیاز قرار دیا اور فرمایا کہ اربعین کے پیدل سفر میں شرکت کے لئے ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں سے عوام کا پہنچنا مکتب اہل بیت علیہم السلام کی نمایاں خصوصیات کا جز ہے، جس میں ایمان، قلبی عقیدہ اور سچا یقین بھی موجزن نظر آتا ہے اور عشق و محبت بھی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے زائرین اربعین کو قوانین و صوابط کی پاسداری کی سفارش کی اور فرمایا کہ حکومت نے ملک سے باہر جانے کے لئے کچھ قوانین معین کئے ہیں جن کی ضرور پابندی کی جانی چاہئے اور قوانین کے دائرے سے باہر نکل کے کام کرنا اچھی بات نہیں ہے۔