رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بدھ کی صبح اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کی کیڈٹ یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب میں ایمانی و عقیدتی، علمی و فنی، ادارہ جاتی اور ڈسپلن سے متعلق آمادگی میں روز افزوں اضافے اور مقدس دفاع کے تجربات نئی نسل کے فوجیوں کو منتقل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
شہید ستاری کیڈٹ یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب میں آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے زور دیکر کہا کہ آج ملت ایران اسلام، خود مختاری، اپنے اعلی اقدار اور دین خدا کی حکمرانی کے اپنے موقف پر کاربند رہنے کی وجہ سے دشمنوں کے ایک وسیع محاذ کا سامنا کر رہی ہے، چنانچہ ملک کی مسلح فورسز کو چاہئے کہ ضرورت کے وقت اپنا کردار ادا کرنے کے لئے ہمیشہ خود کو تیار رکھیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے نوجوان، مومن اور کارساز فورسز کو ملک کا بہت بڑا اور حقیقی سرمایہ قرار دیتے ہوئے مقدس دفاع کے دور کا حوالہ دیا اور فرمایا کہ مقدس دفاع کا زمانہ بہت سخت آزمائش کا زمانہ تھا، جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کا جوہر آشکارا ہوا اور فوجی اہلکاروں کے ہاتھوں بڑے نمایاں اور درخشاں کارنامے انجام پائے۔
رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ مسلح فورسز کی کیڈٹ یونیورسٹیوں کے اندر ایک بہت ضروری کام مقدس دفاع کے دور سے نوجوان فوجیوں کو روشناس کرانا اور ان حالات سے آگاہ کرنا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ آٹھ سالہ جنگ در حقیقت ایک بین الاقوامی جنگ اور ملت ایران کے انقلاب اور اسلامی نظام، نیز اقدار، تشخص اور سرحدوں پر دنیا کی تمام بڑی طاقتوں اور علاقے اور دنیا میں ان طاقتوں کے آلہ کاروں کا حملہ تھا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اس قیامت کبری اور عظیم معرکے میں عظیم الشان ملت ایران اور مسلح فورسز نے اللہ پر ایمان اور توکل نیز روح اللہ (امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ) پر اعتماد کرتے ہوئے اللہ کے لئے قیام کیا اور تمام طاقتوں پر غلبہ حاصل کر لیا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے شہید ستاری کیڈٹ یونیورسٹی کے کیڈٹس کو مخاطب کرکے فرمایا کہ آپ کی گزشتہ نسل ایسی قابل افتخار نسل تھی اور آج آپ اسی نسل کی میراث ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے شہید صیاد شیرازی اور شہید بابائی جیسے عظیم کمانڈروں کی قربانیوں، شجاعت اور جانفشانی کی قدردانی کرتے ہوئے فرمایا کہ آج دوست و دشمن سمیت ساری دنیا دل و زبان سے ملت ایران کی قوت، شجاعت، عظمت اور فراست کی معترف ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے کیڈٹ یونیورسٹی کے کمانڈروں اور عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ لطف و توفیق خداوندی سے ملک کا مستقبل موجودہ حالت سے بدرجہا بہتر اور درخشاں ہوگا۔
تقریب کے آغاز میں رہبر انقلاب اسلامی نے شہدا کی یادگار کے پاس جاکر سربلند شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اس کے بعد گراؤنڈ پر موجود دستوں کا معائنہ کیا۔