ہم نے اور ہمارے ملک نے کبھی بھی کسی ملک پر حملہ نہیں کرنا چاہا اور اب بھی نہیں چاہتے ہیں۔ لیکن جب ہم پر حملہ کر دیا گيا تو اس کے بعد دفاع نفس ایک ضروری امر ہے جو سبھی پر شرعی لحاظ سے بھی واجب ہے اور عقلی لحاظ سے بھی۔ میں نے بھی اور تمام ذمہ دار افراد نے بھی علاقے کی ان حکومتوں سے بار بار کہا ہے کہ ہم آپ سے جنگ نہیں کرنا چاہتے۔ ہم ایسے نہیں ہیں کہ جب ہمیں طاقت حاصل ہو جائے تو کسی دوسرے ملک میں منہ زوری کے ساتھ مداخلت کرنا چاہیں۔ بحمد اللہ ہم خطے کے سب سے طاقتور ملکوں میں سے ایک ہیں اور اسلام کی برکت سے، ہمارے اس ملک اور ہماری اس قوم کے پاس ایسی طاقت ہے کہ بڑی طاقتیں بھی اس پر حملہ نہیں کر سکتیں۔ لیکن اسی کے ساتھ ہم چاہتے ہیں کہ ان تمام اسلامی ملکوں کے ساتھ اور خاص طور ان ملکوں کے ساتھ جو خطے میں ہیں، بھائي بن کر رہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ سب ایک دوسرے کا ہاتھ تھامیں۔

امام خمینی

25/7/1982