ایک دن ایسا بھی تھا کہ ہمارے عزیز رہبر (امام خمینی) تنہا تھے۔ اس ملک میں دو مزاحمتی تنظیمیں تھیں اور دونوں ہی ہمارے رہنما کے طرز فکر سے عدم اتفاق رکھتی ہیں، اسے قبول نہیں کرتی تھیں۔ ایک گروہ آرام طلب سیاسی افراد کا تھا جو کرسی پر بیٹھے رہنے اور پر تعیش زندگی گزارنے کے عادی تھے۔ ان افراد کی عادت تھی کہ بیٹھیں، کھائیں پیئیں، سہولیات حاصل کریں، لوگ ان کے آگے پیچھے گھومیں اور یہ تکبر میں ڈوبے رہیں اور کبھی دو چار لفظ بول دیں، ملت کے سرکردہ افراد مانے جائیں، کبھی کوئی سیاسی مسئلہ در پیش ہو تو دو لفظ اس کے بارے میں کچھ کہہ دیں، لیکن کوئی تکلیف اٹھانے پر آمادہ نہیں! یہ افراد ہمارے رہبر کی روش کے مخالف تھے۔ کہتے تھے کہ یہ جناب بلا وجہ شاہ سے الجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شاہ تو اس ملک سے جانے والا نہیں ہے۔ امام بہت ٹھوس انداز میں اپنے موقف پر قائم رہے اور آپ نے کہہ دیا کہ جو ہمارے نعرے سے اتفاق نہیں رکھتا ہم سے ملنے نہ آئے! پیرس میں امام سے ملاقات کے لئے جانے والے بڑبولے سیاستدانوں کے سامنے یہ شرط رکھی جاتی تھی سب سے پہلے آپ ایران میں سلطنتی نظام اور شاہی نظام سے اظہار بیزاری کیجئے، اس کی مذمت کیجئے، اس کے بعد ہی آپ کو امام سے ملاقات کا موقع مل سکتا ہے۔ امام ایسے افراد سے بات کرنے پر بھی آمادہ نہیں تھے۔ دوسرا گروہ ان لوگوں کا تھا جو بڑے تند مزاج تھے اور قربانیاں پیش کرنے کے دعوے کے ساتھ میدان میں قدم رکھتے تھے۔ وہ مسلحانہ جنگ کے طرفدار تھے۔ وہ کہتے تھے کہ آقا بلا وجہ اس روش پر مصر ہیں، اس انداز کی تحریک سے کامیابی ملنے والی نہیں ہے۔ وقت ضائع نہ کیجئے بلکہ مسلحانہ جنگ شروع کیجئے۔ مگر امام کبھی ہیجان میں نہیں آئے، کبھی سراسیمہ نہیں ہوئے اور ہرگز اپنی روش کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔ کہتے تھے کہ سیاسی جدوجہد سے اس حکومت کا گلا اس طرح ہم دبائیں گے کہ وہ خودکشی کر لے گی یا فرار ہو جائے گی۔ ہم نے دیکھا کہ یہی ہوا۔ مزاحمتی تنظیمیں امام کی روش کی مخالف تھیں۔ راحت طلب اور رجعت پسند تنظیموں کی تو بات ہی الگ ہے جو جدوجہد کی مذمت کرتی تھیں۔ مگر وہ اکیلے ہی «انّ ابراهیم کان امّة» ایک ملت تھے۔ ایک بے آب و گیاہ بیابان میں اکیلا درخت طوفانوں، ریت کی آندھیوں، جھلسا دینے والے آفتاب، تشنگی اور بے آبی سب کو شکست دیتا ہے اور فضا کو شاداب اور معطر بنا دیتا ہے۔

'پیغمبروں کی جدوجہد کی سرگزشت کی ہمارے دور میں جھلک' عنوان کی تقریر سے اقتباس

22 اگست 1979