ہم جو امام زمانہ کی آمد کے منتظر ہیں، اپنی زندگی کو اسی نہج پر آگے بڑھائیں جس نہج پر امام زمانہ علیہ السلام کی حکومت قائم ہوگی۔ البتہ ہماری یہ بساط نہیں ہے کہ ہم وہ عمارت تعمیر کریں جو اولیائے خدا نے بنائی یا تعمیر کریں گے، لیکن اس سمت میں ہمیں آگے ضرور بڑھنا چاہئے۔
اللہ کے عدل و انصاف کا مظہر امام زمانہ ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ امام زمانہ کی سب سے بڑی خصوصیت جو زیارتوں اور روایتوں میں ذکر کی گئی ہے قیام عدل و انصاف ہے: «یملأ الله به الارض قسطا و عدلا»
امام زمانہ سے عوام الناس کا قلبی و روحانی رابطہ بڑی اہم چیز ہے اور اس کے بڑے اثرات و ثمرات ہیں۔ کیونکہ اس سے انسان کے دل میں امید و انتظار کا جذبہ ہمیشہ قائم رہتا ہے۔