قائد انقلاب اسلامی نے ماہرین کونسل کے وسط مدتی اور پارلیمنٹ مجلس شورای اسلامی کے آٹھویں دور کے انتخابات کے لئے حسینیہ امام خمینی (رہ) میں اپنا ووٹ ڈالا۔ آپ نے ووٹنگ کا وقت شروع ہوتے ہی اس جمہوری عمل میں شرکت کی اور اپنے حق رای دہی کا استعمال کیا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد قائد انقلاب اسلامی نے انتخابات کے دن کو ملک و قوم کے لئے انتہائی حساس اور فیصلہ کن دن قرار دیا اور فرمایا کہ عزیز ایرانی عوام ووٹنگ کے مراکز پر پہنچ کر، اپنے ارادے اور خواہش کے مطابق آئندہ چار برسوں کے لئے مقننہ کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔
قائد انقلاب اسلامی نے کہا کہ انتخابات میں شرکت بہترین نیک اعمال میں سے ایک ہے جو بر وقت انجام دیا جانا چاہئے۔ آپ نے فرمایا کہ ہمارے عزیز عوام کو تہران اور پورے ایران میں امیدواروں کے انتخاب کے اپنے حق کا استعمال کرنا چاہئے۔