آپ نے شام کے صدر بشار اسد کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ نے حافظ اسد مرحوم( بشار اسد کے والد اور شام کے سابق صدر) کی روش جاری رکھی اور دونوں ممالک کے موجودہ مستحکم تعلقات اسی کا نتیجہ ہے۔ آپ نے ماضی کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران اور شام کی موجودہ پوزیشن کو بہت بہتر اور مضبوط قرار دیا اور فرمایا کہ شام اور ایران نے علاقائی اور عالمی سطح پر بہت اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے امید ظاہر کی کہ شام کے صدر کے دورہ تہران اور اس کے دوران ہونے والے معاہدوں کے نتیجے میں تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ ملاقات میں شام کے صدر بشار اسد نے تہران دمشق تعلقات کو مستحکم اور اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ مجھے اس بات پر خوشی ہے کہ یہ دورہ ایسے حالات میں انجام پایا کہ ایک طرف ہم لبنان میں اسلامی مزاحمت کی بڑی کامیابیوں اور فلسطین میں تحریک حماس کی اچھی پوزیشن کے شاہد ہیں جبکہ دوسری طرف ہمارے دشمنوں کی پوزیشن بہت کمزور ہو چکی ہے۔ شام کے صدر نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ہونے والے مذاکرات کو بہت مفید اور سودمند قرار دیا۔
اس ملاقات کے موقع پر ایران کے صدر ڈاکٹر احمدی نژاد بھی موجود تھے۔