قائد انقلاب اسلامی نے گزشتہ شب قرآن کریم کی قرئت اور حفظ کے پچیسویں عالمی مقابلے میں شرکت کرنے والے قاریوں، حافظوں اور مقابلوں کے ججوں سے ملاقات میں قرآن سے تمسک کو امت مسلمہ کی نجات اور خوشبختی کا واحد راستہ قرار دیا اور فرمایا کہ قرآن کے عالمی مقابلوں کا انعقاد امت مسلمہ کو قرآنی مفاہیم پر غور و فکر اور قرآن سے اسے مانوس کرنے کے سلسلے میں موثر اقدام ہے۔ قائد انقلاب اسلامی نے ان مقابلوں کے مزید فوائد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس طرح مسلمانوں کو مسلم ممالک کے افکار و نظریات اور آداب و رسومات سے آشنائی کا موقع بھی ملتا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ موجودہ دور میں دشمن کا اہم ترین حربہ عالم اسلام اور اسلامی ممالک میں تفرقہ ایجاد کرنا ہے اور وہ اس کے ذریعے مسلمانوں کو شکست سے دوچار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے قرآن کے عالمی مقابلے کے غیر ملکی شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے سفارش کی کہ وہ ملت ایران کا دوستی و محبت کا پیغام اپنے ہم وطنوں کو پہنچائيں۔
قائد انقلاب اسلامی کی تقریر سے قبل ادارہ اوقاف و فلاحی امور میں قائد انقلاب اسلامی کے نمایندے حجت الاسلام و المسلمین مصلحی نے قرآن کے مقابلوں کے انعقاد کی روش کے سلسلے میں مختصر رپورٹ پیش کی اور پھر دو قاریوں نے تلاوت کلام پاک کرکے فضا کو معطر کیا۔