قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج ونیزوئلا کے صدر اور ان کی زیر قیادت تہران آنے والے وفد سے ملاقات میں فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور ونیزوئلا کو چاہئے کہ اپنے تعاون کو فروغ اور وسعت دیکر خود مختاری کے نوتشکیل شدہ محاذ کو زیادہ سے زیادہ مستحکم کریں۔
قائد انقلاب اسلامی نے دشمنوں کے مقابلے کے لئے روحانی و نفسیاتی استحکام کو لازمی قرار دیا اور فرمایا: اگر انسان کے اندر جذبہ استقامت پیدا ہو جائے تو اسے عملی میدان میں شکست و ناکامی کا سامنا نہیں ہوگا۔
قائد انقلاب اسلامی نے مختلف علاقوں میں امریکا کی ناکامیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: امریکا کی پے در پے شکست اور اس کی ہیبت و طاقت کا خاتمہ، دنیا میں ابھر کر سامنے آنے والی تبدیلی کی نا قابل انکار حقیقت کی علامت ہے۔ قائد انقلاب اسلامی نے عراق، افغانستان، لبنان اور فلسطین میں امریکا کے سرسام آور اخراجات اور شرمناک شکست کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران کے سلسلے میں امریکا کی شکست دیگر علاقوں کی شکست سے کہیں زیادہ سنگین ہے۔ آپ نے مزید فرمایا: لاطینی امریکا میں بھی حالات تبدیل ہو گئے ہیں اور اس علاقے میں جو کبھی امریکا کا آنگن کہا جاتا تھا، اب نئی طاقتیں معرض وجود میں آئی ہیں اور روز بروز ترقی کر رہی ہیں۔
قائد انقلاب اسلامی نے مزاحمت و استقامت کے محاذ کی کامیابی کو انسانوں کی کوشش اور ارادے اور اللہ تعالی کی مدد کی مرہون منت قرار دیا اور فرمایا: یہ کوششیں تیز ہونا چاہئیں تاکہ استقامت کا محاذ روز بروز زیادہ طاقتور ہو۔ قائد انقلاب اسلامی نے طاقت میں اضافے کے لئے سیاسی تعاون و ہم آہنگی کو لازمی قرار دیا اور فرمایا: سیاسی ہم آہنگی کے ساتھ ہی ساتھ صنعتی، اقتصادی، بینکنگ اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں بھی ایران اور ونیزوئلا کے ما بین تعاون بڑھنا چاہئے۔
ملاقات میں ونیزوئلا کے صدر ہیوگو چاوز نے قائد انقلاب اسلامی سے اپنی ایک اور ملاقات انجام پانے پر اظہار مسرت کیا اور ایرانی صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد سے اپنی ملاقاتوں کو انتہائی اہم اور مثبت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں تعاون کے فروغ کے سلسلے میں بڑے اہم معاہدے ہوئے ہیں جن میں دونوں ملکوں کے مشترکہ بینک کی جنرل اسیمبلی کی تشکیل بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشترکہ بینک ایک طاقتور مالیاتی ادارہ بن سکتا ہے اور دیگر ملکوں کے ساتھ اپنا تعاون بڑھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں سے مقابلے کی واحد راہ اتحاد، تعاون اور اپنی طاقت میں اضافہ کرنا ہے۔ ونیزوئلا کے صدر نے کہا کہ باہمی معاہدوں پر عملدرآمد کی نگرانی کے لئے ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ہر دو مہینے پر اپنی رپورٹ پیش کرے گی تاکہ اگر کہیں کوئی مشکل پیدا ہوئی ہے تو اسے فوری طور پر برطرف کیا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ اس ملاقات میں ڈاکٹر احمدی نژاد بھی موجود تھے۔