قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج شام الجزائر کے صدر عبد العزیز بوتفلیقہ اور ان کے وفد کے ارکان سے ملاقات میں الجزائر کی قوم کو شجاع، پیش قدم اور بلندی کی راہ پر گامزن قوم قرار دیا اور سامراج کے خلاف الجزائر کے عوام کی جد و جہد اور انقلاب کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اخلاص کے لحاظ سے ایران اور الجزائر کی حکومتوں کے باہمی تعلقات کی سطح کبھی بھی ایسی نہیں رہی جیسی آج ہے، اس وقت دونوں ملکوں کے تعلقات انفرادی صورت حال کے حامل ہیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے دونوں ملکوں کے معاشی تعاون کا دائرہ مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی موجودہ پوزیشن کو گزشتہ تیس سال کی بنسبت بالکل مختلف قرار دیا اور فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی عظیم پیشرفت اور کامیابیاں مغرب کی ان پابندیوں اور دباؤ کا نتیجہ ہے جن کے باعث ایران داخلی اور مقامی توانائيوں اور صلاحیتوں کی جانب متوجہ ہوا۔ قائد انقلاب اسلامی نے ایران کی سائنسی ترقی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ تمام اسلامی ممالک اس مقام و منزل پر پہنچ سکتے ہیں، بس شرط اتنی ہے کہ اپنی اندرونی توانائیوں پر تکیہ کریں اور آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھائیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتیں اور تجربات سے اسلامی ممالک کو بہرمندہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ قائد انقلاب اسلامی نے فلسطین کی دردناک صورت حال اور عالمی اداروں نیز اسلامی ممالک کی خاموشی اور لا تعلقی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر فلسطین کے سلسلے میں اسلامی ممالک نے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کیا ہوتا تو آج ہم (فلسطینی علاقوں کو) یہودی علاقوں میں تبدیل کرنے سمیت فلسطین کے خلاف اسرائیل کی خطرناک سازشوں کے شاہد نہ ہوتے۔ قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ او آئی سی کو چاہئے کہ صیہونی حکومت کے مقابلے میں سنجیدہ اور عملی اقدام اور سرگرمیاں انجام دےـ
اس ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر محمود احمدی نژاد بھی تشریف فرما تھے۔ اس موقع پر الجزائر کے صدر عبد العزیز بوتفلیقہ نے عالم اسلام کے تعلق سے قائد انقلاب اسلامی کے موقف کی قدردانی کی اور زور دیکر کہا کہ مختلف مسائل میں عالم اسلام کی امیدیں اسلامی جمہوریہ ایران سے وابستہ ہیں کیونکہ ایران کے پاس عظیم توانائی اور طاقت ہے۔ انہوں نے مغرب کے شدید دباؤ کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران کو حاصل ہونے والی پیشرفت اور کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے حقائق اس تصویر کے بالکل برعکس ہیں جو مغرب کی جانب سے پیش کی جاتی ہے، ملت ایران کی ترقی و پیشرفت امت اسلامیہ کے لئے خوشی و شادمانی کی بات ہے۔ الجزائر کے صدر نے ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ کے سلسلے میں اپنے ملک کے عزم مصمم کا اعلان کیا۔