قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مغربی صوبے کرمان شاہ کے دورے کے نویں اور آخری دن مقدس دفاع کے دوران مجاہدانہ سرگرمیاں انجام دینے والی بعض خواتین سے ملاقات کی جن میں بعض وہ خواتین تھیں جو جنگ میں زخمی ہوکر جسمانی طور پر معذور ہو گئی ہیں۔ قائد انقلاب اسلامی نے انتہائی جذباتی ماحول میں انجام پانے والی اس ملاقات میں صوبہ کرمان شاہ کے عوام کی اسلام و انقلاب سے وفاداری اور عشق و محبت کا ذکر کیا۔ قائد انقلاب اسلامی نے مجاہد خواتین کی استقامت اور جذبہ ایمانی کی قدردانی کی اور فرمایا کہ اس ایثار و وفاداری کا صلہ اللہ تعالی کی جانب سے ملنے والا اجر عظیم ہے۔ اس ملاقات میں صوبے کے بعض شہیدوں کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔