قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے صوبہ کرمانشاہ کے دورے کے نویں اور آخری دن مختلف صوبائی اداروں کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات میں اسلامی نظام میں صادقانہ اور پرخلوص خدمت کو توفیق الہی کا نتیجہ اور خوشنودی پروردگار، عوام کی خدمت اور اسلامی کے مزید استحکام کا باعث قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ ملک بھر میں قومی اور صوبائي سطح کے حکام کے کام کی کیفیت اسلامی نظام کی سربلندی اور اسی طرح خدانخواستہ اس کی بدنامی کا باعث بن سکتی ہے بنابریں حکام کو چاہئے کہ حتی الوسع اپنے کام کی کیفیت اور قابل فخر خدمت میں اضافہ کریں۔
قائد انقلاب اسلامی نے اسلامی انقلاب اور ملک کی ضرورتوں کے مطابق مختلف میدانوں میں وارد ہونے کی عوام کی دائمی آمادگی کو حیرت انگیز قرار دیا اور فرمایا کہ زبان عوام کا شکریہ ادا کرنے سے قاصر ہے، وہ در پیش مشکلات اور نقائص کے باوجود ہمیشہ اسلام اور انقلاب کے دفاع میں تمام حکام سے آگے ہیں۔
قائد انقلاب اسلامی نے صوبہ کرمانشاہ کے عوام کی دائمی مجاہدت، اسلام و انقلاب سے ان کی وفاداری اور ان کے اظہار محبت کو ملک اور صوبے کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جانے کا باعث قرار دیا اور قومی و صوبائی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ جہاں کہیں بھی ہیں، شریف و نجیب اور صبر و ضبط والے عزیز عوام کی خدمت بنحو احسن انجام دیجئے۔
قائد انقلاب اسلامی نے پیشرفت اور ترقی کے لئے صوبہ کرمانشاہ کو صلاحیت اور استعداد کے لحاظ سے بہت مالامال قرار دیا اور فرمایا کہ حکومت نے صوبے کی تعمیر و ترقی اور عوام کو بہترین زندگی اور رفاہ فراہم کرنے کے لئے اہم منصوبے منظور کئے ہیں جن پر قومی اور صوبائی حکام کی مسلسل کوششوں اور اجتماعی ہمت و حوصلے کے ذریعے صحیح طریقے سے عملدرآمد ہونا چاہئے۔
قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے منظور شدہ منصوبوں پر سنجیدگی سے کام کرنے کے کابینہ کے وعدے پر شکریہ ادا کیا اور فرمایا کہ صوبائی حکام کو بھی چاہئے کہ اپنے فرائض کی ٹھیک طریقے سے انجام دہی اور منظور شدہ بجٹ کے صحیح اور منطقی استعال کے ذریعے منصوبوں پر عملدرآمد پر دائمی طور پر توجہ رکھیں تا کہ صوبے کی مشکلات خصوصا بے روزگاری کی مشکل کو حل کرنے کے لئے عمومی اور منصوبہ بند حرکت مناسب سرعت کے ساتھ جاری رہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں دشمنوں کی طرف سے مسلسل جاری سازشوں کو اسلامی جمہوریہ ایران کی پیشرفت و ترقی کا ثبوت قرار دیا اور فرمایا کہ استکبار کے محاذ کی طرف سے دائمی طور پر تشہیراتی، سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی سے متعلق یلغار اہداف اور امنگوں کی سمت ملت ایران کی تیز رفتار پیش قدمی کی دلیل ہے کیونکہ اگر قوم کی پیش قدمی کا عمل، جمود اور کمزوری کا شکار ہوا ہوتا تو دشمن اتنا بوکھلایا ہوا نہ ہوتا۔
قائد انقلاب اسلامی نے علاقے کی قوموں میں پھیلی اسلامی بیداری اور ملت ایران کے اسلام اور شریعت کی پیروی کے پیغام کی وسیع پذیرائی کو قوموں کی نظر میں اسلامی جمہوریہ کو ایک نمونے کا درجہ حاصل ہو جانے کی علامت قرار دیا۔
قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ان حساس حالات میں جب ملت ایران علاقے کے لئے نمونہ بن چکی ہے ہم سب کو بہت محتاط رہنا چاہئے کہ علاقے کی قوموں کے سامنے وطن عزیز کی خوبصورت، جاذب نظر اور متحد و منسجم تصویر قائم ہو تاکہ اس کی شبیہ خراب کرنے کی دشمن کی کوششیں ناکام ہو جائیں۔
قابل ذکر ہے کہ قائد انقلاب اسلامی آج جمعرات کو اپنا دورہ کرمانشاہ مکمل کرکے تہران واپس لوٹ آئے۔