قائد انقلاب اسلامي آيت اللہ العظمي خامنہ اي نے ايران کے صوبہ مشرقي آذربائجان ميں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے حالات کا قريب سے جائزہ لينے کے لئے اس علاقے کا دورہ کیا۔

قائد انقلاب اسلامي جمعرات کي صبح اچانک صوبہ مشرقي آذربائجان پہنچے اور متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے زلزلے سے ہونے والے جاني اور مالي نقصانات اور ساتھ ہي امداد رساني کے عمل کا قريب سے جائزہ ليا -
قائد انقلاب اسلامي نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں سے صبر و تحمل سے کام لينے کي اپيل کر تے ہوئے فرمايا کہ اگر ان علاقوں کے لوگ آپس ميں ايک دوسرے کے ساتھ تعاون اور ہمدردي کا مظاہرہ کريں تو اس علاقے کی تعمیر نو اور باز آبادکاری کے ذریعے اس کے چہرے کو یکسر تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
قائد انقلاب اسلامي نے فرمايا کہ ايراني قوم متحد ہے اور اتحاد و يکجہتي ہی اس کي طاقت کا سرچشمہ ہے۔
قائد انقلاب اسلامي نے اس سے پہلے اپنے تعزيتي پيغام ميں زلزلے ميں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقين سے ہمدردي کا اظہار کیا اور انہیں تعزيت پیش کرتے ہوئے حکام کو ہدايت کی کہ وہ متاثرين کي فوري مدد کے لئے ہر ممکن کوشش کريں۔
قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے جمعرات کی شام مقامی حکام کے ساتھ ایک اجلاس میں زلزلے کے متاثرین کے لئے امدادی کارروائیوں کو اطمینان بخش قرار دیا اور فرمایا کہ حکام کو چاہئے کہ متاثرہ علاقوں میں مضبوط اور زلزلے سے محفوظ مکانات کی تعمیر شروع کرنے کے ساتھ ہی متاثرین کو ابتدائی اشیاء جیسے اشیائے خورد و نوش، کمبل، طبی سہولیات وغیرہ کی منظم فراہمی کا بھی دھیان رکھیں کیونکہ ضروری اشیاء کی فوری فراہمی سے متاثرین کو ذہنی سکون ملے گا۔