صدر مملکت حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر روحانی وسطی ایشیا کے دو ملکوں کا پانچ روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپسی کے بعد سنیچر کی صبح قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی دوبارہ عیادت کے لئے استپال پہنچے۔
صدر روحانی نے پروسٹیٹ سرجری کے بعد قائد انقلاب اسلامی کی جسمانی حالت میں آنے والی بہتری پر اظہار مسرت کیا اور ملت ایران، عالم اسلام، اسلامی انقلاب اور اسلامی ثقافت کی خدمات انجام دینے کے لئے آپ کی مکمل صحتیابی اور طول عمر کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب کا وجود اسلامی نظام کے ارتقائی سفر کی ضمانت ہے۔
اس موقعے پر قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے صدر مملکت اور ان کی حکومت کی اپنے فرائض کی انجام دہی میں کامیابی کی دعا کی اور صدر روحانی سے فرمایا کہ میں ہمیشہ آپ کے لئے دعا کرتا ہوں۔
صدر روحانی نے قائد انقلاب اسلامی کی شفقت و محبت پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اب تک حکومت اسی حمایت و پشت پناہی کی وجہ سے بعض مشکلات کو عبور کرنے میں کامیاب ہوئی اور ان شاء اللہ آئندہ بھی بقیہ مشکلات کو بھی ہم اسی طرح عبور کرتے جائیں گے۔
ڈاکٹر روحانی نے اپنے پانچ روزہ دورے کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں اپنی شرکت اور اس موقعے پر ہونے والی ملاقاتوں اور مذاکرات کو بہت تعمیری قرار دیا اور کہا کہ ملکوں کے سربراہوں سے ہونے والی ملاقاتوں میں سربراہان مملکت اور خاص طور پر روس کے صدر ولادمیر پوتین نے جناب عالی کی مزاج پرسی کی اور سلام کہلوایا۔
یاد رہے کہ پیر کے روز قائد انقلاب اسلامی کا آپریشن ہونے کے کچھ ہی دیر بعد صدر روحانی نے اسپتال جاکر آپ کی عیادت کی تھی اور اس کے بعد غیر ملکی دورے پر روانہ ہو گئے تھے۔