جشن انقلاب کی دس روزہ تقرییات، اور بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی ایران آمد کے تاریخ ساز دن کے موقع پر قائد انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے بدھ کی صبح امام خمینی رضوان اللہ تعالی علیہ کے روضے پرحاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ قائد انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای، شہید آیت اللہ بہشتی نیز دیگر شہدا کی قبور پر بھی حاضر ہوئے اور فاتحہ خوانی کی۔
بعدا ازاں آپ نے بہشت زہرا جاکر شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی- بہشت زہرا اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران کے جنوب میں واقع ہے جہاں اسلامی انقلاب کی تحریک اور عراق کی مسلط کردہ جنگ کے ہزاروں شہدا محو خواب ہیں-
اسلامی جمہوریۂ ایران میں بارہ بھمن مطابق پہلی فروری سے بائیس بھمن مطابق گیارہ فروری تک اسلامی انقلاب کی کامیابی کا دس روزہ جشن منایا جاتاہے جسے ایرانی کیلینڈر میں عشرۂ فجر سے موسوم کیا گیا ہے۔