دسویں پارلیمنٹ اور پانچویں ماہرین اسمبلی کے انتخابات کے لئے جمعے کی صبح آٹھ بجے سے ووٹنگ کا آغاز ہوا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ہمیشہ کی طرح شروعاتی لمحات میں ہی اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور اس موقع پر آئی آر آئی بی کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی احکام اور اسلامی تعلیمات میں کار خیر میں سبقت حاصل کرنے پر تاکید کی گئی ہے؛ فَاستَبِقُوا الخَیرات، یعنی ہمیشہ کار خیر میں پیش پیش رہو۔ ہماری خواہش ہے کہ اس کار خیر میں اور اس عظیم عمل میں جتنی جلد ممکن ہو شرکت کریں، کیونکہ انتخابات کا معاملہ ہمارا فریضہ بھی ہے اور حق بھی۔
انتخابات کی ہمیشہ اہمیت ہوتی ہے جبکہ بعض مواقع پر یہ اہمیت اور بڑھ جاتی ہے۔ میری سفارش یہ ہے کہ ہمارے عزیز عوام جیسا کہ میں نے پہلے بھی عرض کیا، سب کے سب شرکت کریں۔ جو بھی ایران سے محبت کرتا ہے، جو بھی اسلامی جمہوریہ کو چاہتا ہے، جو بھی قومی شکوہ و وقار سے دلچسپی رکھتا ہے، انتخابات میں ضرور شریک ہو۔
دوسری سفارش اپنے عزیز عوام سے میں یہ کروں گا کہ ووٹ ڈالنے میں سبقت لے جانے کی کوشش کریں، اس فریضے کی ادائیگی اور اس حق کے استعمال میں جلدی کریں۔ یہاں سرعت اور جلدی سے مراد عجلت پسندی اور جلدبازی نہیں ہے۔ بلکہ نیک کام میں پیش پیش رہنا مراد ہے۔ اس عمل کو آخری وقت پر نہ چھوڑیں۔ کیونکہ ایک بات تو یہ ہے کہ کار خیر انسان کو جتنی جلدی ممکن ہو انجام دینا چاہئے اور دوسرے یہ کہ ممکن ہے انسان کو کوئی مشکل پیش آ جائے، ایک گھنٹے بعد کیا ہونے والا ہے انسان کو اس کی خبر نہیں ہوتی۔ ابھی ہم صحتمند ہیں، توانائی رکھتے ہیں، اس وقت ہمارے سامنے کوئی دوسرا اہم کام نہیں ہے جو اس عمل سے ہمیں روکے تو فورا جاکر ہمیں یہ کام انجام دے دینا چاہئے۔ بعض لوگ آخری لمحات کے لئے اسے ٹال دیتے ہیں اور کبھی کبھی کوئی رکاوٹ پیش آ جاتی ہے۔ لہذا انسان اس احتمال کو نظرانداز نہ کرے کہ کوئي رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔ یہ میری دوسری سفارش ہے۔ میری تیسری سفارش یہ ہے کہ واقعی عوام عمل خیر انجام دینے کی نیت کریں، خدائی نیت کے ساتھ، ملک کا اعتبار و وقار بڑھانے اور وطن عزیز کی کامل خود مختاری کی نیت کے ساتھ یہ عظیم عمل انجام دیں کیونکہ اس کا یہی نتیجہ نکلے گا۔ ملی خود مختاری اور قومی وقار کے لئے آگے آئیں۔ یعنی ان کا یہ عمل ان اہم ضرورتوں کو پورا کرنے والا ہے۔ ہمارے کچھ دشمن ہیں جن کی حریصانہ نگاہیں لگی ہوئی ہیں۔ ہمارا انتخاب ایسا ہونا چاہئے کہ دشمن پر مایوسی چھا جائے۔ سارے لوگ توجہ دیں، بصیرت کے ساتھ اور کھلی آنکھوں کے ساتھ ووٹ ڈالیں۔ ان شاء اللہ خداوند عالم انھیں اجر عطا کرے گا۔ یہ ان نیکیوں میں ہے کہ جن کا کوتاہ مدتی اور دراز مدتی دنیاوی اجر کے علاوہ اخروی اجر بھی ہے۔ اس سے بہتر کیا ہو سکتا ہے۔
ان شاء اللہ آپ سب کامیاب رہیں اور پوری ایرانی قوم ان انتخابات میں بھی ماضی کی طورح شرکت کرے اور ملک کی پیشرفت اور وقار میں اضافے کا باعث بنے۔
والسّلام علیکم و رحمت‌ الله