مہدویت

انسان کی اصلی زندگي اور اس کی مطلوبہ حیات، حضرت امام مہدی علیہ السلام کے ظہور کے وقت سے شروع ہوگي۔

اگر ہم تشبیہ دینا چاہیں تو ہمیں اس طرح کہنا ہوگا کہ ایک مسافر یا ایک کارواں دشوار گزار راستوں، سخت موڑوں، پہاڑی علاقوں، وادیوں، دلدلوں اور خاردار راہوں سے مسلسل گزرتا جا رہا ہے، راستہ طے کرتا جا رہا ہے تاکہ خود کو ایک جگہ تک پہنچا سکے، وہ جگہ کیا ہے؟ وہ جگہ ایک شاہراہ ہے، ایک اہم سڑک ہے، ایک کشادہ سڑک ہے، ایک ہموار راہ ہے۔

ہم آغاز سے لے کر آج تک کی انسانی تاریخ میں جو کچھ دیکھتے ہیں وہ، ان ہی دشوار راستوں، ان ہی نشیب و فراز، ان ہی خاردار راہوں، ان ہی دلدلی راستوں پر آگے بڑھنا ہے، انسانیت لگاتار اور بدستور یہ راستہ طے کر رہی ہے تاکہ شاہراہ تک پہنچ سکے، یہ شاہراہ، مہدویت کا زمانہ ہے، حضرت امام مہدی علیہ السلام کے ظہور کا زمانہ ہے۔

ایسا نہیں ہے کہ جب ہم وہاں پہنچ جائيں گے تو پھر یکبارگی سارا راستہ طے ہو جائے گا اور سفر ختم ہو جائے گا، نہیں، وہ ایک راستہ ہے۔

درحقیقت یہ کہنا چاہیے کہ انسان کی اصل زندگي اور اس کی مطلوبہ حیات، وہاں سے شروع ہوگي اور انسانیت اس وقت ایک راستے پر آئے گی اور وہ راستہ، ایک صراط مستقیم ہے جو اسے آفرینش کی منزل تک پہنچائے گا۔

امام خامنہ ای

11 جون 2014